.

امریکا کا سوئس ذریعے سے ایران کے لیے دواؤں کی پہلی کھیپ کی منتقلی کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا اور سوئٹزرلینڈ کی حکومتوں نے اعلان کیا ہے کہ خوراک اور دواؤں پر مشتمل انسانی ضروریات کے سامان کی ایران منتقلی کے لیے ایک تجرباتی ذریعے نے کام شروع کر دیا ہے۔ اس طرح مصائب کا سامنا کرنے والے ایرانی عوام کو امریکی پابندیوں سے تصادم کے بغیر سوئٹزرلینڈ کا سامان فراہم کیا جا سکے گا۔

جمعرات کے روز جاری حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی مواد کی تجارت سے متعلق سوئس انتظامیہ SHTA کا مقصد ایک ایسے محفوظ راستے کو یقینی بنانا ہے جس کے ذریعے غذائی اور طبی مصنوعات کے سلسلے میں ایک سوئس بینک کو ادائیگی کے ساتھ ادائیگی کی جا سکے۔ مذکورہ مصنوعات ایران برآمد کرنے والی کمپنیوں کے صدر دفاتر سوئٹزرلینڈ میں ہیں۔

ایران کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے برائن ہک نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ اس راستے کے ذریعے سرطان اور اعضاء کی پیوند کاری سے متعلق دواؤں کی تین کھیپیں ایران بھیجی چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے اور مزید کھیپیں بھی پہنچائی جائیں گی۔ برائن ہک کے مطابق اس سلسلے میں انتہائی بلند معیارات وضع کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال جوہری معاہدے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی علاحدگی کے بعد واشنگٹن کی جانب سے تہران پر دوبارہ عائد کی جانے والی پابندیوں سے خوراک، دوا اور دیگر انسانی امداد کو مستثنی قرار دیا گیا تھا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کے ترجمان علی رضا میر یوسفی کا کہنا ہے کہ مذکورہ راستہ کھولنا دواؤں اور خوراک کو پابندیوں سے مستثنی رکھنے کے دعوؤں کا "جعلی" ہونا ثابت کرتا ہے۔ ٹویٹر پر اپنے بیان میں یوسفی نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ وہ "ایرانی عوام کے خلاف اقتصادی دہشت گردی پر عمل پیرا ہے"۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ عبدالناصر ہمّتی کا کہنا ہے کہ اگر دوائیں پیش کرنے کے حوالے سے امریکی اپنے قول میں سچے ہیں تو پھر ان پر لازم ہے کہ ایک بینکنگ میکانزم پیش کریں۔

سوئس حکومت کی اقتصادی امور کی وزارت کی ترجمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ مذکورہ انسانی چینل آئندہ چند ہفتوں میں پوری گنجائش کے ساتھ کام کرنے لگے گا۔

ادھر امریکی وزارت خزانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان مالی رقوم کی کامیاب منتقلی ،،، ایران کے لیے مزید انسانی امداد کا سامان برآمد کرنے کا عمل آسان بنانے کے واسطے ایک نمونہ ہے۔