.

الریاض: سعودی ولی عہد سے یونانی وزیراعظم کا دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے یونانی وزیراعظم کیریاکوس مٹسوٹیکس نے سوموار کے روز الریاض میں ملاقات کی ہے۔انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق دونوں لیڈروں نے سعودی عرب اور یونان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی ہے۔انھوں نے خطے اور عالمی سطح پر رونما ہونے والی حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔

ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ،وزیر تجارت اور سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی ،وزیر مملکت محمد آل الشیخ ،جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ خالد الحمیدان،یونان میں سعودی عرب کے سفیر عصام بن ابراہیم بیت المال اور یونانی وزیراعظم کے ہمراہ آنے والے وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔

قبل ازیں یونانی وزیراعظم نے الریاض میں سرکاری دورے پر آمد کے فوری بعد سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی تھی اور ان سے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔