سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے منگل کے روز ملکی معیشت کو متنوع بنانے کے منصوبے کے تحت گیارہ نئے ثقافتی اور ادبی اداروں کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
سعودی کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر صدارت ہوا۔کابینہ نے جن نئے اداروں کے قیام کی منظوری دی ہے،ان میں ہر ایک الگ الگ شعبے کے لیے مختص ہوگا،ان میں ادب ،طباعت ،ترجمہ اتھارٹی ، فیشن اتھارٹی ،فلم اتھارٹی ، ویژول آرٹس اتھارٹی ،عجائب گھر اتھارٹی، تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس اتھارٹی ،کتب خانہ اتھارٹی اور کلنری آرٹس (کھاناپکانے کا فن) کی اتھارٹی شامل ہیں۔
سعودی عرب کے وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان آل سعود ان مختلف اداروں کے کام کی نگرانی کریں گے تاکہ ان کے ویژن مملکت کے ویژن 2030ء سے مطابقت رکھتے ہوں۔اس ویژن کا مقصد مملکت کی معیشت اور معاشرت کو متنوع بنانا ہے تاکہ تیل کی آمدن پر انحصار کم کیا جاسکے۔
سعودی عرب نے حالیہ برسوں کے دوران میں متعدد اصلاحات متعارف کرائی ہیں اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا ہے۔ان میں مملکت میں موسیقی کے کنسرٹس کا انعقاد کیا گیا ہے، فلمی تھیٹر کھولے گئے ہیں اور سیاحوں کو مختلف تاریخی و ثقافتی مقامات کی سیر کے لیے ویزے جاری کیے ہیں۔