.

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے 28ہزار افراد متاثر،کس ملک میں کتنے مریض ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

چین سے پھیلنے والے مہلک وائرس کرونا سے دنیا بھر میں صرف ڈیڑھ ایک ماہ میں قریباً 570 اموات ہوچکی ہیں اور28200 سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں حکام نے جمعرات کے روز اس نئے مہلک وائرس سے دنیا بھر میں متاثر ہونے والے افراد کی ایک فہرست جاری کی ہے۔

اس کے مطابق چین میں کرونا وائرس سے 563 اموات ہوئی ہیں،28018 متاثرہ افراد کے کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔چین کے زیر انتظام ہانگ کانگ میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے اور 22 کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔مکاؤ میں 10 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

چین میں سب سے زیادہ اموات وسطی صوبہ حوبئی میں ہوئی ہیں۔اسی صوبہ میں واقع شہر ووہان میں دسمبر میں لوگ اچانک اس نئے مہلک وائرس کا شکار ہوکر بیمار پڑنے لگے تھے۔پھر یہ وائرس روز بروز پھیلتا چلا گیا۔

باقی ممالک میں کرونا وائرس سے متاثرہ کیسوں کی تفصیل کچھ یوں ہے:

جاپان: 45 کیس
سنگاپور: 30 کیس
تھائی لینڈ : 25 کیس
جنوبی کوریا :23 کیس
آسٹریلیا :14 کیس
جرمنی : 13 کیس
امریکا 12 کیس
تائیوان : 13 کیس
ملائشیا : 14 کیس
ویت نام : 12 کیس
فرانس: چھے کیس
متحدہ عرب امارات :پانچ کیس
کینیڈا: چار کیس
بھارت:تین کیس
فلپائن : تین کیس بہ شمول ایک موت ۔
روس : دو کیس
اٹلی: دو کیس
برطانیہ : تین کیس
بیلجیئم : ایک کیس
نیپال: ایک کیس
سری لنکا : ایک کیس
سویڈن: ایک کیس
اسپین : ایک کیس
کمبوڈیا: ایک کیس
فن لینڈ: ایک کیس

چین میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد سے یہ عالمی میڈیا کی بڑی خبر بن چکا ہے۔اس مہلک وائرس کا دسمبر 2019ء کے آخر میں ووہان میں سب سے پہلے پتا چلا تھا اور اب تک اس شہر ہی میں اس سے سب سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

یہ یقین کیا جاتا ہے کہ یہ جنگلی جانوروں کا گوشت کھانے سے پھیلا ہے۔چین میں مارکیٹوں میں سانپ ، نیولے ، مینڈک، کتے سمیت جنگلی جانوروں کا گوشت عام فروخت ہوتا ہے۔ اس کو خوراک کے علاوہ ادویہ کی تیاری میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے فلوطرز کے اس مہلک وائرس کو صحت کی عالمی ایمرجنسی قراردے دیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وائرس کی نوعیت اور پھیلنے کے بارے میں ابھی بہت کچھ نامعلوم ہے۔اب تک یہ پتا نہیں چل سکا ہے کہ یہ وائرس کیسے ایک انسان سے دوسرے انسان میں منتقل ہوتا ہے اور یہ کس حد تک مہلک ہوتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں