جنوبی افریقا میں ایک ریزرو میں شیروں کی دیکھ بھال پر مامور 21 سالہ لڑکی کو شیر نے حملہ کرکے ہلاک کردیا۔
جنوبی افریقا کی پولیس نے بتایا کہ 21 سالہ سوانز وان وایک پر جمعرات کی سہ پہر مشرقی صوبے لیمپوپو میں قائم ریزرو میں شیر نے حملہ کیا تھا۔
یہ واضح نہیں ہے کہ وہ گارڈ کی حیثیت سے کام کر رہی تھی یا نہیں۔علاقائی پولیس کے ترجمان کرنل موچی نگوبی نے بتایا کہ پولیس اور ایمرجنسی سروسز نے نوجوان خاتون کو شیر کے پنجرے کے باہر شدید زخمی حالت میں پایا ہے۔
انھوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ہم یہ جاننے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ کیا ہوا ہے۔ ہم اس وقت تفصیل میں نہیں جاسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقا میں تقریبا آٹھ ہزار شیر ہیں جنھیں شکار، سیاحت اور سائنسی تحقیقاتی مقاصد کےلیے استعمال کیا جاتا ہے۔