عراق میں ایرانی حملے سے 100 سے زیادہ امریکی فوجی ’’دماغی طورپر زخمی‘‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

عراق میں امریکا کے ایک فوجی اڈے پر گذشتہ ماہ ایران کے میزائل حملے میں دماغی طور پر متاثر ہونے والے فوجیوں کی تعداد بڑھ گئی ہے اور امریکی فوج متاثرہ فوجیوں کی تعداد میں پچاس فی صد اضافے سے متعلق ایک رپورٹ کی تیاری کررہی ہے۔

ایک امریکی عہدہ دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ ایرانی حملے سے دماغی طور پر متاثر ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد اب ایک سو سے بڑھ گئی ہے۔گذشتہ ماہ ایران کے میزائل حملے سے متاثرہونے والے فوجیوں کی تعداد 64 بتائی گئی تھی۔

Advertisement

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب نے القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے آٹھ جنوری کو عراق میں امریکی فوج کے زیر استعمال دو اڈوں پر میزائل داغے تھے۔ میجر جنرل قاسم سلیمانی تین جنوری کو علی الصباح بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک امریکا کے ایک ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے میزائل حملے کے فوری بعد کہا تھا کہ اس میں امریکی یا عراقی فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ایران کے میزائل حملے کے وقت الانبار میں واقع عین الاسد ائیربیس پر ڈیڑھ ہزار سے زیادہ امریکی فوجی موجود تھے۔ وہ ایرانی میزائل حملے کی پیشگی اطلاع ملنے کے بعد بنکروں میں چھپ گئے تھے۔

اس میزائل حملے کے بعد سپاہِ پاسداران انقلاب ایران کی فضائیہ کے کمانڈر ائیرفورس جنرل امیر علی حاجی زادہ نے ایک عجیب دعویٰ کیا تھا۔ان کا کہناتھا کہ ان کا مقصد امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنا نہیں بلکہ امریکا کی ’’فوجی مشین‘‘ کو نقصان پہنچانا تھا۔

انھوں نے حملے کے ایک روز بعد کہا تھا کہ:’’ہم اس آپریشن میں کسی کو ہلاک نہیں کرنا چاہتے تھے،اگرچہ اس میں دسیوں ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔‘‘انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’’اگر ہم کسی کو ہلاک کرنا چاہتے تو پھر ہم اس آپریشن کو ایک اور انداز میں ڈیزائن کرتے جس سے پہلے ہی ہلے میں پانچ سو(امریکی) ہلاک ہوجاتے۔اگر وہ اس کا جواب دیتے تو دوسرے مرحلے میں 48 گھنٹے کے اندر مزید چار سے پانچ ہزار(امریکی) ہلاک ہوجاتے۔‘‘

پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’’القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا مناسب ردعمل یہ ہوسکتا ہے کہ خطے سے امریکی فوجیوں کو نکال باہر کیا جائے۔‘‘

مقبول خبریں اہم خبریں