ایفانکاٹرمپ سعودی عرب اور یواے ای میں خواتین کے حقوق کے لیے اصلاحات کی معترف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اور سینیر مشیر ایفانکا ٹرمپ نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے نمایاں اصلاحات اوراقدامات کو سراہا ہے۔

وہ اتوار کو دبئی میں منعقدہ گلوبل ویمن فورم میں کلیدی خطاب کررہی تھیں۔اس فورم میں خواتین کاروباری شخصیات اور علاقائی قائدین شریک تھیں۔

Advertisement

انھوں نے سعودی عرب کو حال ہی میں خواتین کو کسی مرد رشتہ دار کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دینے سے متعلق ترمیمی قانون کے نفاذ پر مبارک باد پیش کی ہے۔اس قانون کے تحت سعودی خواتین اپنے کسی مرد رشتہ دار کے بغیر پاسپورٹ بھی حاصل کرسکیں گی۔

سعودی عرب نے 2018ء میں خواتین کے کاریں چلانے پر عاید پابندی بھی ختم کردی تھی۔مملکت میں یہ اصلاحات ویژن 2030ء کے تحت کی جارہی ہیں۔وسیع تر سماجی اور اقتصادی اصلاحات پر مبنی اس ویژن کا مقصد سعودی عرب کی معیشت کو متنوع بنانا اور اس کا تیل کی دولت پر انحصار کم کرنا ہے۔اس کے تحت خواتین کو بھی مملکت کی افرادی قوت میں شامل کیا جارہا ہے اور ان کی تعداد22 فی صد سے بڑھا کر 30 فی صد کی جارہی ہے۔

ایفانکا ٹرمپ نے اپنی تقریر میں مشرقِ اوسط کے دوسرے ممالک میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا بھی ذکر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بحرین نے کام کی جگہ پر امتیازی سلوک کے خلاف قانون متعارف کرایا ہے۔اردن نے خواتین کے رات کو کام کرنے پر عاید قانونی پابندیاں ختم کردی ہیں۔مراکش نے خواتین کےاراضی کے حقوق میں اضافہ کیا ہے اور تُونس نے گھریلو تشدد کے خاتمے کے لیے قوانین متعارف کرائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق کے ضمن میں ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ خواتین کو یہ حقوق دینے کے باوجود بھی خطے بھر میں انھیں مردوں کے مقابلے میں نصف قانونی حقوق حاصل ہیں۔

ایفانکا ٹرمپ نے کہا’’ ہم یہ جانتے ہیں کہ جب خواتین کامیابی کے لیے آزاد ہوتی ہیں تو خاندان آگے بڑھتے اور خوش حال ہوتے ہیں ،برادریوں کی نشوونما ہوتی ہے اور اقوام مضبوط ہوتی ہیں۔‘‘

38 سالہ ایفانکا ٹرمپ تین بچّوں کی ماں ہیں۔انھیں اوول آفس کی خواتین کے حقوق سے متعلق معتمد مشیر سمجھاجاتا ہیں۔ ان کے شوہر جیرڈ کوشنر بھی صدر ٹرمپ کے مشیر اعلیٰ ہیں۔انھیں امریکی صدر کے مشرقِ اوسط کے بارے میں گذشتہ ماہ اعلان کردہ امن منصوبہ کا بنیادی خالق قرار دیا جاتا ہے۔

ان کے سامعین میں دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم ، دبئی کے ولی عہد حمدان بن محمد آل مکتوم ، عالمی بنک کے صدر ڈیوڈ ملپاس اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹلینا جارجیوف شامل تھیں۔

ایفانکا ٹرمپ نے یواے ای کے دوروزہ دورے میں سرکردہ خواتین کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان سے امریکی حکومت کے ترقی پذیر ممالک کےلیے وضع کردہ منصوبے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔’’خواتین کی عالمی ترقی اور خوش حالی اقدام‘‘ کے نام سے اس منصوبہ کا گذشتہ سال آغاز کیا گیا تھا۔اس کی نگران وہ خود ہی ہیں اور انھیں اپنے والد صدر ٹرمپ کی پشت پناہی حاصل ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں