بین الاقوامی مالیاتی فنڈ IMF کی ڈائریکٹر کرسٹینا جورجیوا کا کہنا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے حجم کے تجارتی یا اقتصادی منصوبوں کے انتظامی امور میں خواتین مردوں سے زیادہ بہتر کارکردگی کی حامل ہیں۔
انہوں نے یہ بات اتوار کی شام دبئی میں "خواتین کی عالمی کانفرنس" میں شرکت کے دوران کہی۔ کرسٹینا کے مطابق مردوں اور خواتین کے درمیان مساوات کو مضبوط بنانا یہ ایک "عظيم" اقتصادی پالیسی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اگر کل دنیا جاگ جائے اور مکمل برابری کی پالیسی لاگو ہو جائے تو اس کے نتیجے میں عالمی دولت میں 1720 کھرب ڈالر کا اضافہ ہو گا .. اور ہماری دنیا آج کے مقابلے میں کہیں زیادہ امیر ہو جائے گی"۔
آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کے مطابق اگر مشرق وسطی میں زیادہ پیش رفت کی حامل اقتصادی پالیسیوں کو یقینی بنایا جائے تو یہ خطہ دس کھرب ڈالر کی مزید دولت کا حامل ہو گا۔
یاد رہے کہ کرسٹینا جورجیوا بلغاریہ سے تعلق رکھنے والے اقتصادی ماہر ہیں۔ وہ ماضی میں عالمی بینک کی قائم مقام سربراہ کے علاوہ یورپی کمیشن کی نائب سربراہ کے منصب پر بھی کام کر چکی ہیں۔
مشرق وسطی میں خواتین کا تناسب پچاس فی صد کے قریب ہے۔ تاہم معیشت اور سیاست کی دنیا میں ان کی شرکت ابھی تک مذکورہ تناسب سے کم ہے۔ اس میدان میں عرب ممالک کے درمیان بڑا فرق موجود ہے۔ حالیہ برسوں میں خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے بعض عرب ممالک میں واضح اور نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔