بحرین میں چار سعودی خواتین سمیت کرونا وائرس کے 23 کیسوں کی تصدیق، تعلیمی ادارے بند

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

بحرین نے مہلک کرونا وائرس کے نو مزید کیسوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد اس ننھی خلیجی عرب ریاست میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تیئیس ہوگئی ہے۔بحرینی حکومت نے کرونا وائرس پھیلنے کے بعد ملک بھر میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے اور جامعات دو ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بحرین کی وزارت صحت کے مطابق دبئی اور شارجہ سے آنے والے بحرینی اور سعودی شہریوں کے منامہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ان میں نو افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ ان میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔

Advertisement

وزارت نے مزید بتایا ہے کہ کرونا وائرس کے جن نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے، ان میں چار بحرینی خواتین شارجہ کے راستے ایران سے آئی تھیں۔دو بحرینی مرد شہری شارجہ اور ایک دبئی کے راستے ایران سے آیا تھا۔

قبل ازیں بحرین نے کرونا وائرس کے چھے نئے کیسوں کی اطلاع دی تھی۔ ان میں دو بحرینی شہری اور چار سعودی خواتین شامل ہیں۔یہ تمام ایران سے بحرین آئے تھے اور بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آمد کے بعد ان کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ان کے ٹیسٹ مثبت آنے پر انھیں فوری طور پر ایک مرکز صحت میں منتقل کردیا گیا ہے اور وہاں انھیں مکمل علاج تک الگ تھلگ رکھا جائے گا۔

وزارت صحت نے کہا ہے کہ ایران سے آنے والے کرونا وائرس کا شکار ان مسافروں کے ساتھ دوسرے ایسے مسافروں کو بھی حفظ ماتقدم کے طور پر الگ تھلگ رکھا جائے گا جن کے ٹیسٹوں کے نتائج منفی آئے ہیں۔

دریں اثناء سعودی عرب کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ بحرینی وزارت کے ساتھ چار متاثرہ سعودی خواتین کے علاج کے سلسلے میں رابطے میں ہے۔ انھیں مکمل صحت یاب ہونے تک بحرین ہی میں رکھا جائے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں