امریکا نے دنیا کے مختلف ملکوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے پیش نظر ایران ، اٹلی اور منگولیا کے لیے سفری انتباہ جاری کیے ہیں اور امریکی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان ممالک کے سفر کے وقت احتیاط کا مظاہرہ کریں۔
محکمہ خارجہ نے بدھ کو ایک بیان میں امریکی شہریوں پر زوردیا ہے کہ وہ اٹلی کے سفر کے وقت زیادہ محتاط رہیں۔ جو لوگ ایران میں ہیں، انھیں بھی مکمل احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
ان دونوں ملکوں میں روزانہ کرونا وائرس کے نئے کیس سامنے آرہے ہیں۔امریکا نے پہلے ہی ایران کے لیے ’’سفر نہ کریں‘‘کا انتباہ جاری کر رکھا ہے۔اس نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ ایران کے سفر کے دوران میں انھیں اغوا کیے جانے کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اور انھیں زیر حراست رکھا جاسکتا ہے۔
محکمہ خارجہ نے منگولیا کے لیے اپنے مشورے میں امریکی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ وہاں جانے سے گریز کریں کیونکہ پڑوسی ملک چین میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد منگولیا میں سفری اور ٹرانسپورٹ کی قدغنیں عاید کردی گئی ہیں۔