.

سعودی عرب میں ثقافتی تنوع سے عبارت وزارت سیاحت کا نیا 'لوگو' تیار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی وزارت سیاحت نے حالیہ تبدیلی کے بعد اپنی نئی شناخت پر مبنی ایک نیا لوگو جاری کیا ہے۔

اس نئے لوگو کو خطوط اور سعودی عرب کے پرچم کے رنگوں میں تیار کیا گیا جو مملکت کے نقشے کی بھی نشاندہی کرتا ہے۔ اس میں شامل متعدد رنگ مملکت میں مختلف ثقافتوں اور تہذیبی تنوع کی علامت ہیں۔ لوگو کا ڈیزائن اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ اس میں سعودی عرب کی شمالا جنوبا اور شرقا غربا سرحدیں بھی نمایاں ہوگئی ہیں۔ سعودی عرب کی وزارت سیاحت کے نئے لوگو میں مملکت میں سیاحت کے فروغ، سعودی شہریوں کی مہمان نوازی کی اقدار کو باہم مربوط کیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی "ایس پی اے" کے مطابق وزارت سیاحت کا نیا تشخص دنیا میں خوش آمدید کے نعرے کے ساتھ مربوط ہے۔ یہ لوگو ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب نے پوری دنیا کے لوگوں کے لیے مملکت میں سیاحت کے دروازے کھول دیے ہیں۔ چند ماہ قبل سعودی عرب نے 49 ممالک کے باشندوں کے لیے سیاحتی ویزہ کے حصول کو انتہائی آسان بنانے کے لیے آن لائن ویزہ کے حصول کا پلیٹ فارم متعارف کرایا تھا۔

حال ہی میں سعودی عرب کی وزارت سیاحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ گذشتہ پانچ ماہ کے دوران چار لاکھ سیاحتی ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ یہ چار لاکھ ویزے عمرہ اور حج ویزوں میں شامل نہیں بلکہ صرف مملکت میں عام تاریخی مقامات کی سیاحت کے لیے جاری کیے گئے۔