.

معزول سوڈانی صدر کی اہلیہ کے ساتھ جیل میں مبینہ بدسلوکی، حقیقت کیا ہے؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوڈان کی سابق خاتونِ اوّل اور معزول صدر عمر البشیر کی اہلیہ وداد بابکر کا نام ایک بار پھر خبروں میں آ گیا ہے۔ بدھ کی شام سوڈان میں جنرل پراسیکیوشن کی جانب سے ایک سرکاری بیان جاری کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جیل میں وداد بابکر کو بدسلوکی کا نشانہ بنانے کے حوالے سے جو باتیں بھی پھیلائی جا رہی ہیں وہ قطعی طور پر بے بنیاد ہیں۔

بیان میں اس بات کی بھی تردید کی گئی ہے کہ عمر البشیر نے جیل میں قید اپنی اہلیہ کے دفاع کے لیے کسی خاص وکیل کا مطالبہ کیا جس کے جنرل پراسیکیوٹر کے ساتھ تعلقات ہیں۔ جنرل پرایسکیوٹر قانون کے مطابق پیشہ وارانہ طور سے اس معاملے س نمٹ رہے ہیں۔ وہ کسی خصوصی تعلق کو انصاف کے تقاضے پورا کرنے کی راہ میں حائل ہونے کی اجازت ہر گز نہیں دیں گے۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ملزمہ وداد بابکر کے ساتھ برے برتاؤ کے حوالے سے جنرل پراسیکیوشن کے سامنے کوئی پٹیشن پیش نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ سوڈان میں ناجائز اور مشتبہ دولت جمع کرنے سے متعلق استغاثہ نے دسمبر 2019 میں حکم جاری کیا تھا کہ معزول صدر کی اہلیہ وداد بابکر کو ریمانڈ پر حراست میں رکھا جائے۔ اس اقدام کا مقصد بدعنوانی کے معاملات سے متعلق رپورٹوں کے حوالے سے تحقیقات اور پوچھ گچھ کرنا ہے۔ ان میں خرطوم بحری کے مضافات میں کافوری کے علاقے میں اراضی کو قبضے میں لینا کا معاملہ شامل ہے۔

سوڈانی عوام کے اندر کئی برس سے معزول صدر عمر البشیر کی دوسری اہلیہ وداد کے حوالے سے مختلف چہ مگوئیوں کا سلسلہ جاری رہا۔

وداد بابکر کون ہیں ؟

عمر البشیر سے شادی سے قبل وداد بابکر میجر جنرل ابراہیم شمس الدین کی اہلیہ تھیں۔ شمس الدین اپریل 2001 میں طیارے کے حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے اگلے سال مارچ 2002 میں وداد نے عمر البشیر سے شادی کا اعلان کیا۔ شادی کے کچھ عرصے بعد وہ صدر عمر البشیر کی قیام گاہ منتقل ہو گئیں جہاں صدر کی پہلی اہلیہ بھی رہ رہی تھیں۔ بعد ازاں وداد نے خرطوم بحری کے پوش علاقے کافوری میں رہائش اختیار کر لی۔

وداد کو عمر البشیر کی حکمرانی کے آخری برسوں میں اُس وقت نمایاں حیثیت حاصل ہوئی جب انہوں نے غربت کے انسداد کے لیے (سند الخيريۃ کے نام سے) ایک فلاحی تنظیم قائم کی۔

سال 2010 میں وہ عمر البشیر کی انتخابی مہم کے دوران ان کے کئی خصوصی پروگراموں میں سابق صدر کے ہمراہ رہیں۔ بعض مواقع پر وہ انتخابی مہم کا لوگو اپنے لباس پر وضع کیے نظر آئیں۔

وداد مختلف قومی تقریبات اور کئی بیرونی دوروں میں عمر البشیر کے ساتھ نظر آتی تھیں۔

واضح رہے کہ سوڈانیوں نے وداد پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے 4 کروڑ ڈالر کی رقم اپنی تنظیم کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی۔ یہ رقم انہوں نے سوڈان میں ایڈز سے متاثرہ بچوں کی سپورٹ کے لیے افریقی سربراہان کی خواتین سے حاصل کی تھی۔ اس کے علاوہ سابق خاتون اول پر مہنگی اراضی پر قبضہ کرنے اور قیمتی جائیداد ہتھیانے سے متعلق الزامات بھی ہیں۔