چین: کرونا وائرس سے مزید 47 اموات، متاثرین کی مجموعی تعداد 79 ہزار سے متجاوز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

چین میں نیشنل ہیلتھ کمیٹی نے ہفتے کے روز ایک اعلان میں بتایا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 47 افراد فوت ہو گئے ہیں۔ اس طرح اس مہلک وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 2835 ہو گئی ہے۔

کمیٹی کے مطابق اس نے کرونا کے 427 نئے کیس ریکارڈ کیے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 79251 تک پہنچ گئی ہے۔

Advertisement

کمیٹی نے بتایا کہ 47 نئی اموات میں سے ایک بیجنگ میں اور ایک ہائنان میں ہوئی جب کہ بقیہ 45 افراد ہوبی صوبے میں فوت ہوئے۔ ہوبی میں 45 میں سے 37 اموات صرف وہان شہر میں ہوئیں۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے اس جان لیوا وائرس کو "کوویڈ - 19" کا نام دیا ہے۔ یہ وائرس دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان میں خشکی کے جانوروں کی فروخت کے ایک بازار میں نمودار ہوا تھا۔ بعد ازاں یہ شہریوں کی وسیع نقل و حرکت کے سبب تیزی سے دیگر علاقوں میں بھی پھیل گیا۔

جمعے کے روز تین براعظموں میں کئی ممالک نے اپنے یہاں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کا انکشاف کیا۔ اس وقت پوری دنیا میں اس وائرس سے نمٹنے کے لیے خصوصی اور ہنگامی اقدامات اور تیاریاں کی جا رہی ہیں جو ایک عالمی وبا کی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اس وائرس کے نتیجے میں عالمی معیشت میں کساد بازاری کی صورت حال متوقع ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں