پوپ فرانسیس کوٹھنڈ لگ گئی ،روم میں ہفتہ بھر جاری رہنے والے مذہبی اجتماع میں عدم شرکت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس نے اپنی طبیعت ناساز ہونے کی بنا پر آج اتوار سے روم میں شروع ہونے والے مذہبی اجتماع میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔روم کے جنوب میں منعقد ہونے والا ویٹی کن کے سینیر حکام کا یہ روحانی اجتماع ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔

پوپ نے ویٹی کن کے سینٹ پیٹر اسکوائر میں ہزاروں افراد کے اجتماع میں یہ اچانک اعلان کیا ہے۔ وہ گذشتہ بدھ کے بعد آج پہلی مرتبہ عوام میں نمودار ہوئے ہیں۔تب انھیں کھانستے ہوئے دیکھا گیا تھا اور سردی لگنے کی وجہ سے ان کی ناک سے پانی بہ رہا تھا۔

انھوں نے اپنے پیروکاروں کو بتایا کہ ’’ بدقسمتی سے ٹھنڈ لگ جانے کی وجہ سے اس سال میں روحانی اجتماع میں شرکت نہیں کررہا ہوں۔میں اس عبادت وریاضت کو یہاں سے ملاحظہ کروں گا۔‘‘

رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا نے گذشتہ جمعرات کو پہلے سے طے شدہ ایک مذہبی جلوس میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ویٹی کن کے مطابق تراسی سالہ پوپ فرانسیس کی طبیعت ایک روز پہلے خراب ہوئی تھی۔بظاہر انھیں نزلہ زکام ہوا تھا۔

پوپ فرانسیس روم میں سینٹ جان لیٹرن باسلیکا میں جانے والے تھے جہاں انھوں نے اطالوی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے پادریوں سے ملاقات کرنا تھی اور لینٹ میں ایک مذہبی اجتماع میں شرکت کرنا تھی۔پوپ فرانسیس روم کے بشپ بھی ہیں لیکن انھوں نے روزمرہ کے مذہبی اعمال کی ادائی کے لیے اپنے ایلچی مقرر کررکھے ہیں۔

واضح رہے کہ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے پوپ کی عمومی صحت اچھی بتائی جاتی ہے۔البتہ نوجوانی میں نظام تنفس کی بیماری کی وجہ سے ان کے پھیپھڑے کا ایک حصہ ضائع ہوگیا تھا۔وہ عرق النساء کے درد کا بھی شکار ہیں۔اس کی وجہ سے انھیں چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں