ترکی کا کسٹم ایجنٹ ایران کی سرحد کے نزدیک راکٹ حملے میں ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ترکی کے محکمہ کسٹم کا ایک ایجنٹ ایران کی سرحد کے نزدیک علاقے میں ایک بس پر راکٹ حملے میں ہلاک ہوگیا ہے۔اس واقعہ کے بعد ترکی کی سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے۔

ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اطلاع دی ہے کہ کسٹم کے اہلکاروں کو لے جانے والی بس پر سوموار کو گرینچ معیاری وقت (جی ایم ٹی) کے مطابق 0550 بجے حملہ کیا گیا تھا۔

Advertisement

انھوں نے لکھا ہے کہ ’’دہشت گردوں کا پیچھا کیا گیا ہے اور ان کا گھیراؤ کر لیا گیا ہے‘‘ لیکن انھوں نے یہ وضاحت نہیں کی ہے کہ یہ حملہ آور کون تھے۔

ترکی کے وزیر تجارت روشرپیک جان نے اس راکٹ حملے میں کسٹمز کے ایک ایجنٹ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ حملے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے ہیں،ان میں چار کی حالت تشویش ناک ہے۔

ترکی کے صوبہ اگری کے گورنر کے دفتر نے یہ اطلاع دی ہے کہ کسٹمز کی بس کو دوگوبایزید کے علاقے سے غوربلک کے سرحدی گیٹ کی جانب سفر کے دوران میں نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد یہ سڑک سے اتر کر الٹ گئی تھی لیکن اس دفتر نے بھی حملہ آوروں کی شناخت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔

ترک حکام نے اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایران کی سرحد کے نزدیک واقع علاقے کی جانب ایمبولینس گاڑیوں ، سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیموں کو روانہ کردیا تھا۔

ترکی کے بعض میڈیا ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے کہ کالعدم کردستان ورکرز پارٹی ( پی کے کے) کے جنگجوؤں نے یہ حملہ کیا ہے۔کرد باغیوں کی یہ جماعت ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں یہ زیادہ فعال ہے لیکن صوبہ اگری میں یہ اتنی متحرک نہیں ہے۔

ٹیلی ویژن کی فوٹیج کے بعد ترک فوج کے ہیلی کاپٹروں کو پروازیں کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی اناطولو نے یہ اطلاع دی ہے کہ دو لڑاکا ہیلی کاپٹروں نے دہشت گردوں کی خفیہ کمین گاہوں پر گولہ باری کی ہے۔اس نے مزید یہ اطلاع دی ہے کہ سرحدی علاقے میں مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف فوج کی جوابی کارروائی کے دوران میں ایک دھماکا ہوا جس سے ایک فوجی شدید زخمی ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ ترکی نے اسی ماہ کے اوائل میں ایران میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد اس کے ساتھ اپنی زمینی اور فضائی سرحدیں بند کردی تھیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں