سعودی عرب:کرونا وائرس کی تشخیص اور بچاؤ کے لیے درکار مصنوعات کی برآمدات پر پابندی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب نے کرونا وائرس کا سراغ لگانے ،اس کی تشخیص اور بچاؤ کے لیے استعمال میں آنے والے تمام طبی اور لیبارٹری آلات اور مصنوعات کی برآمدات پر پابندی عاید کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سعودی عرب کی وزارت صحت نے ان مصنوعات اور آلات کی ایک فہرست جاری کی ہے۔انھیں زمینی راستے ، سمندری اور فضائی ذرائع مواصلات سے بیرون ملک برآمد نہیں کیا جاسکتا۔ ان اشیاء میں طبی ملبوسات، حفاظتی مکمل جسمانی سوٹ ، حفاظتی عینیکیں اور چہرے کے طبی ماسک شامل ہیں۔

Advertisement

سعودی عرب کی کسٹم اتھارٹی نے ایک ٹویٹ میں وضاحت کی ہے کہ ان طبی اشیاء اور آلات کو تجارتی مقدار اور تعداد میں برآمد کیا جاسکتا ہے اور نہ انفرادی مسافر ضرورت سے زیادہ تعداد میں بیرون ملک لے جاسکتے ہیں۔البتہ ایک مسافراپنے ذاتی استعمال کے لیے درکار یہ اشیاء اپنے ساتھ لے جاسکتا ہے۔

اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ یہ فیصلہ مملکت میں کرونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے قائم کردہ وزارتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔اس کا مقصد سعودی شہریوں اور تارکینِ وطن کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

سعودی عرب میں ابھی تک کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ سعودی وزارت صحت نے اتوار کو کہا تھا کہ وہ اس مہلک وائرس کے کسی بھی کیس سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ملک میں اس کا شکار ہونے والے ممکنہ مریضوں کے علاج اور دیکھ بھال کے لیے 8000 بستروں پر مشتمل 25 اسپتال تیار کرلیے گئے ہیں۔

سعودی عرب نے گذشتہ جمعرات کو بیرون ملک سے عمرہ پرآنے والے زائرین کے مکہ مکرمہ میں داخلے پر عارضی طور پر پابندی عاید کردی تھی۔ سعودی عرب کی وزارت حج اور عمرہ کے ترجمان کے مطابق اس فیصلہ کے بعد عمرے کی غرض سے آنے والے ایک لاکھ سے زیادہ افراد مملکت سے واپس چلے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق غیرملکیوں کا عمرے کے ویزے پر داخلہ عارضی طور پر معطل کیا ہے اور اس ضمن میں محکمہ صحت اور سرکاری حکام کی فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں مزید فیصلے کیے جائیں گے۔

جن ممالک کے شہریوں کے عمرے کے ویزے پر سعودی عرب میں داخلے پر عارضی طور پر پابندی کی گئی ہے،ان میں افغانستان ، آذربائیجان ، چین ، ہانگ کانگ ، انڈونیشیا ، ایران ، اٹلی ، جاپان ، قزاقستان ، مکاؤ ، ملائشیا ، پاکستان ، فلپائن ، سنگاپور ، صومالیہ ، جنوبی کوریا ، شام ، تائیوان ، تھائی لینڈ ، ازبکستان ، ویت نام اور یمن شامل ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں