.

کرونا سے متاثرہ شخص سے گھلنے ملنے والے 70 افراد کا پتا چلا ہے:سعودی وزارت صحت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کا کہنا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے واحد شخ کی حالت مستحکم ہے۔ منگل کے روز ایک پریس کانفرنس میں ترجمان نے بتایا کہ شفایاب ہونے تک اس شخص کو طبی طور پر الگ تھلگ رکھا جائے گا۔

ڈاکٹر محمد نے مزید بتایا کہ کرونا وائرس سے متاثرہ شخص کے ساتھ براہ راست رابطہ رکھنے والے 70 افراد کو بھی میل جول سے علاحدہ کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں ان افراد کے ٹیسٹ کے نتائج سامنے آ جائیں گے۔

ترجمان نے اعلان کیا کہ کسی بھی نئے کیس کے سامنے آنے پر عوام کو پوری شفافیت کے ساتھ آگاہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی وزارت صحت نے تصدیق کی تھی کہ مملکت کے اسپتالوں میں اس مہلک کا شکار ممکنہ افراد کو الگ تھلگ رکھنے کے لیے 1400 سے زیادہ کمرے تیار کر لیے گئے ہیں۔ ان کمروں کو شدید بیمار افراد کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔

متاثرہ مریض کی صحت برقرار رکھنے اور دیگر افراد میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے گئے کمرے نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کمروں میں ہوا کا دباؤ بیرونی ماحول کے مقابلے میں کم رکھا جاتا ہے تا کہ متعدی مرض کی منتقلی کو روکا جا سکے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی وزارت صحت نے پیر کے روز ملک میں کرونا وائرس (Covid-19) کے پہلے کیس کا اعلان کیا تھا۔ یہ متاثرہ سعودی شہری بحرین کے راستے ایران سے مملکت پہنچا تھا۔