.

سعودی عرب میں کرونا وائرس کے دوسرے کیس کی تصدیق

مہلک وائرس کا شکار سعودی نے پہلے اعلان کردہ ہم وطن مریض کے ساتھ ایران کا سفر کیا تھا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے بدھ کو ایک اور شہری کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے۔یہ شخص بھی بحرین کے راستے ایران سے حال ہی میں مملکت میں لوٹا ہے اور حکام نے اس کا سراغ لگا لیاہے۔

سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئے کرونا وائرس کا شکار ہونے والے اس سعودی مرد نے بحرین کے ساتھ واقع سرحدی گذرگاہ سے مملکت میں داخلے کے وقت اپنے ایران کے حالیہ سفر کو افشا نہیں کیا تھا اور اس کی معلومات چھپائی تھیں۔

وزارت صحت کے مطابق اس شخص نے بھی سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پہلے مریض کے ساتھ ایران کا سفر کیا تھا اور پھر اس کے ساتھ ہی بحرین کے راستے وطن لوٹا تھا۔وزارت صحت نے گذشتہ سوموار کو کرونا وائرس کے اس پہلے کیس کی اطلاع دی تھی۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارتِ صحت نے اپنے بیان میں ’’مملکت میں مقیم ہرکسی کو یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ صورت حال کنٹرول میں ہے۔ان دونوں متاثرہ افراد کو ایک اسپتال میں الگ تھلگ رکھا جارہا ہے اورانھیں منظور شدہ طریق کار کے مطابق طبی خدمات مہیّا کی جارہی ہیں۔‘‘