سعودی عرب میں کرونا وائرس کے چار نئے کیسوں کی تصدیق ، تعداد11 ہوگئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب نے اتوار کو کرونا وائرس کے چار نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔سعودی وزارت صحت نے اب تک مملکت میں گیارہ کیسوں کی اطلاع دی ہے۔یہ تمام افراد گذشتہ ڈیڑھ ایک ہفتے کے دوران میں ایران سے لوٹے ہیں۔

وزارت کے ایک بیان کے مطابق جن چار نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے،یہ تمام سعودی شہری ہیں،یہ بھی حال ہی میں ایران کے سفر پر گئے تھے اور متحدہ عرب امارات کے راستے مملکت میں واپس آئے تھے۔

وزارت صحت نے ایک روز قبل ہی لبنان ، مصر ، اٹلی اور جنوبی کوریا سے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران میں مملکت میں لوٹنے والے شہریوں اور مکینوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنی آمد کی تاریخ سے خود کو چودہ روز کے لیے اپنے گھروں یا جائے قیام ہی میں الگ تھلگ کر لیں اور دوسرے افراد سے میل ملاپ سے گریز کریں۔

سعودی عرب مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفظِ ماتقدم کے طور پر مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کررہا ہے۔سعودی حکومت نے غیرملکیوں کے مکہ مکرمہ میں داخلے اور عمرے پر بھی عارضی پابندی عاید کردی ہے۔

واضح رہے کہ خلیج عرب خطے میں واقع تمام ممالک ہی نے اپنے ہاں کرونا وائرس کے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ایران اس وائرس سے چین کے بعد سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور وہاں 194 ہلاکتیں ہوچکی ہیں اور 6566 افراد متاثر ہوئے ہیں۔اس کے نتیجے میں سعودی عرب ، کویت ، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اپنے شہریوں اور مکینوں کے ایران جانے پر پابندی عاید کردی ہے۔

سعودی حکام نے جمعہ کو یہ اطلاع دی تھی کہ 128 سعودی شہریوں نے حال ہی میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد ایران کا سفر کیا ہے۔ان میں سے 26 شہری مملکت میں واپس آچکے ہیں جبکہ 95 ابھی تک ایران ہی میں مقیم ہیں اور باقی سات دوسرے ممالک میں ہیں۔

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سول ایشن نے شہریوں سے کہا تھا کہ اگر انھوں نے گذشتہ 14 روز کے دوران میں ایران کا سفر کیا ہے تو وہ اس کے بارے میں حکام کو مطلع کریں تاکہ حفظ ماتقدم کے طور پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تدابیر اختیار کی جاسکیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں