.

کرونا وائرس:سعودی عرب میں تمام اسکولوں اورجامعات میں تعلیمی سرگرمیاں تاحکم ثانی معطل

سعودی وزیرتعلیم کی معطلی کے عرصے میں’’ورچوئل اسکولوں‘‘ اور فاصلاتی تدریس کو فعال کرنے کی ہدایت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام اسکولوں،جامعات اور فنی تعلیم کے اداروں میں سوموار سے تاحکم ثانی تدریسی سرگرمیاں معطل کی جارہی ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی نے وزارت تعلیم کا ایک بیان جاری کیا ہے۔اس میں اس نے واضح کیا ہے کہ ’’تمام تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا دانش مندانہ فیصلہ بچّوں کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے۔سعودی قیادت کو بچّوں کے تحفظ کے بارے میں تشویش لاحق ہے اور ان کی تدریس جاری رکھنے کے لیے مناسب متبادل مہیا کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے فاصلاتی نظام تعلیم کو بروئے کار لایا جائے گا۔‘‘

سعودی عرب کے وزیر تعلیم نے اسکولوں اور جامعات میں تدریسی سرگرمیوں کی معطلی کے عرصے میں ’’ورچوئل اسکولوں‘‘ اور فاصلاتی تدریس کو فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس فیصلہ سے قبل سعودی عرب نے مشرقی صوبہ القطیف میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بعض نسبتاً سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے اور اس صوبے پرعارضی طور پر لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔اس کے تحت القطیف اور ملک کے دوسرے علاقوں کے درمیان لوگوں کی آمد ورفت کو محدود کیا جارہا ہے۔

دریں اثناء سعودی حکام نے اتوار کو کرونا وائرس کے چار نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔سعودی وزارت صحت نے اب تک مملکت میں گیارہ کیسوں کی اطلاع دی ہے۔یہ تمام افراد گذشتہ ڈیڑھ ایک ہفتے کے دوران میں ایران سے وطن لوٹے ہیں۔

وزارت کے ایک بیان کے مطابق جن چار نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے،یہ تمام سعودی شہری ہیں،یہ بھی حال ہی میں ایران کے سفر پر گئے تھے اور متحدہ عرب امارات کے راستے مملکت میں واپس آئے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں