ایران میں کرونا وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹے میں 54 مزید افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ملک میں یہ مہلک وائرس پھیلنے کے بعد ایک دن میں مرنے والوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
ایران کی وزارتِ صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے کہا ہے کہ اب تک اس مہلک وائرس سے 291 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں اور 881 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 8042 ہوگئی ہے۔
کیانوش جہانپور نے منگل کے روز ایک نشری نیوز کانفرنس میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد کے یہ نئے اعداد وشمار جاری کیے ہیں۔ان کے مطابق ایران میں سوموار کے مقابلے میں منگل کو کرونا وائرس سے ہلاکتوں میں 18 فی صد اضافہ ہوا ہے اور نئے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد میں 12 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ اس وائرس میں مبتلا ہونے والے 2731 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور انھیں اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔
ایران مشرق اوسط کا واحد ملک ہے جو چین سے پھیلنے والے وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔خطے بھر میں کرونا وائرس کے 8600 سے زیادہ مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے لیکن ایران کے سوا دوسرے ممالک میں اس مہلک وائرس سے کوئی موت نہیں ہوئی ہے۔