فرانس کی وزارت ثقافت کے ایک قریبی ذریعے نے بتایا ہے کہ ملک کے وزیر ثقافت فرینک ریسٹر کرونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ مزید یہ کہ 46 سالہ وزیر کی حالت مستحکم ہے۔
ذریعے نے پیر کے روز بتایا کہ وزیر ثقافت کا کہنا ہے کہ انہوں نے حالیہ عرصے میں پارلیمنٹ کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران وہاں ان کا کرونا سے متاثرہ افراد کے ساتھ اختلاط ہوا۔ اس کے سبب وزیر ثقافت نے کرونا سے متعلق ٹیسٹ کرایا جس کا نتیجہ "پازیٹو" آیا۔
فرانس نے پیر کے روز کرونا وائرس کے سبب مزید چار افراد کی اموات ریکارڈ کیں۔ اس طرح فرانس میں اب تک اس مہلک وائرس سے متاثر ہو کر فوت ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔ ان کے علاوہ ملک میں کرونا کے 1412 کیسوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔
فرانس میں محکمہ صحت کے ڈائریکٹر کے مطابق فوت ہونے والوں میں 15 مرد اور 10 خواتین ہیں۔