کرونا وائرس:سعودی عرب میں پانچ لاکھ سے زیادہ مسافروں کی سکریننگ ، سیکڑوں طبّی تنہائی میں!
سعودی عرب میں گذشتہ چند روز کے دوران میں کرونا وائرس کا شکار افراد کا پتا چلانے کے لیے پانچ لاکھ سے زیادہ مسافروں کی سکریننگ کی گئی ہے۔اس طبی معائنے کے عمل کے بعد ان میں سے سیکڑوں کو الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارتِ صحت کے ترجمان نے منگل کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ 468 افراد کو کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفظِ ماتقدم کے طور پر الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔ان کے علاوہ 2032 افراد کو ان کے گھروں ہی میں طبی تنہائی میں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سعودی وزارت صحت نے منگل کی صبح کرونا وائرس کے مزید پانچ کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ اس کے بعد مملکت میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بیس ہوگئی ہے۔