عالمی ادارہ صحت : کرونا وائرس سے لاحق ہونے والا مرض وبائی قرار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ تيدروس أدهانوم غيبريسوس نے دنیا میں پھیلنے والے نئے کرونا وائرس سے لاحق مرض کو وبائی قرار دے دیا ہے۔

انھوں نے بدھ کو جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’کووِڈ-19 کو وبائی مرض قراردیا جاسکتا ہے۔‘‘انھوں نے کہا کہ’’ ہم نے اس سے پہلے کبھی کرونا وائرس سے وبائی مرض پھیلتے ہوئے نہیں دیکھا ہے۔‘‘

واضح رہے کہ تيدروس أدهانوم غيبريسوس نے گذشتہ ماہ دنیا کو خبردار کیا تھا کہ وہ نئے مہلک وائرس کرونا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تیار رہے اور اگر یہ ممکنہ طور پر وبائی صورت اختیار کرتا ہے تو وہ اس سے نمٹنے کے لیے مستعد رہے۔

چین میں 19دسمبر کو پھیلنے والے مہلک وائرس کرونا سے دنیا بھر میں گذشتہ دو ماہ بیس دن میں 4,373 اموات ہوچکی ہیں اور 121,564 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ان مہلوکین اور متاثرین کا تعلق دنیا کے 107 ممالک سے ہے۔پاکستان میں 26 فروری کے بعد کرونا کا شکار ہونے والے 20 کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے۔یادرہے کہ 2002-2003ء میں پھیلنے والے سارس وائرس سے 774 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

کرونا وائرس پھیلنے کے بعد سے متعدد ممالک نے چین کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔ وہ اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کررہے ہیں۔ چین سے باہراٹلی اور ایران میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔اس کے بعد ترکی اور پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی زمینی سرحد بند کردی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں