ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر برائے امور خارجہ علی اکبر ولایتی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی تسنیم نے جمعرات کو اطلاع دی ہے کہ ’’علی اکبر ولایتی گذشتہ چند ہفتوں کے دوران میں کرونا وائرس کے بہت سے مریضوں سے گھلے ملے ہیں،اب وہ خود اس وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور اس وقت انھیں طبّی تنہائی میں رکھا جارہا ہے۔‘‘
علی اکبر ولایتی تہران میں واقع مسیح دانشوری اسپتال کے سربراہ بھی ہیں اور وہیں ان کا کرونا وائرس کا شکار مریضوں سے ربط و اختلاط ہوا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے تین مارچ کو کہا تھا کہ ’’ایران میں اس کرونا وائرس کا پھوٹ پڑنا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔‘‘انھوں نے شہریوں پر زوردیا تھا کہ وہ وائرس سے بچاؤ کے لیے دعائیں کریں کیونکہ دعائیں بہت سے مسئلوں کو حل کردیتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’یہ آفت کوئی بڑا مسئلہ نہیں۔ ماضی میں تو ہمیں اس سے بڑی آفتوں کا سامنا رہا ہے۔‘‘
ایران مشرق اوسط کا واحد ملک ہے جو چین سے پھیلنے والے وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔خطے بھر میں کرونا وائرس کے دس ہزار سے زیادہ مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے لیکن ایران کے سوا دوسرے ممالک میں اس مہلک وائرس سے کوئی موت نہیں ہوئی ہے۔