.

اقوام متحدہ: فلپائن کے مشن کی خاتون سفارت کار کرونا وائرس سے متاثر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

نیویارک میں "العربیہ" کے نمائندے نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں فلپائن کے مشن کی ایک سفارت کار خاتون کرونا وائرس سے متاثر ہو گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں فلپائن کی ناظم الامور خاتون کیرا آزوچنا نے ایک خط میں غیر ملکی مندوبین اور سینئر ذمے داران کو اس بات سے آگاہ کیا۔ آزوچنا کے مطابق فلپائن کے مشن میں شامل ایک خاتون سفارت کار کو منگل کے روز طبیعت خرابی کی شکایت ہوئی۔ اس پر جمعرات کے روز اُن کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ ہوا جس کانتیجہ مثبت آیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں نمودار ہونے والے کرونا وائرس کے سبب سرکاری ذرائع کے مطابق جمعرات کی شام تک کم از کم 4923 افراد وفات پا چکے ہیں۔ اس وبا کے آغاز کے بعد سے 116 ممالک اور ریجن اس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ یہاں مجموعی طور پر 131460 افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہوئے۔

جمعرات کے روز گرینچ کے مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے تک دنیا بھر میں کرونا کے سبب 357 مزید اموات اور 7360 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جن ممالک نے سب سے زیادہ افراد کے وفات پانے کا اعلان کیا ان میں اطالیہ 189، ایران 75 اور اسپین 37 سرفہرست ہیں۔

کرونا وائرس کے نمودار ہونے کے گڑھ چین میں اب تک مجموعی طور پر 80793 کیس سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں سے 3169 افراد وفات پا گئے جب کہ 62793 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں یا ہو رہے ہیں۔

دنیا کے دیگر ممالک میں اب تک کرونا وائرس سے مجموعی طور پر1754 افراد لقہ اجل بن چکے ہیں۔ ان کے علاوہ 50668 لوگ اس مہلک سے متاثر ہوئے۔

براعظم ایشیا میں جمعرات کی شام تک 90773 کیس اور 3253 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ یورپ میں 27741 کیس اور 1182 اموات سامنے آئیں۔ مشرق وسطی میں مجموعی طور پر 11035 افراد متاثر ہوئے اور 440 افراد کی زندگیوں کا چراغ بجھ گیا۔ جنوبی امریکا اور کیریبین کے علاقے میں 207 کیس اور 3 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ اوقیانوس میں 115 کیس اور 3 اموات سامنے آئیں۔ براعظم افریقا میں کرونا سے 134 افراد متاثر ہوئے جن میں سے 3 فوت ہو گئے۔