سعودی مملکت میں عوام کے تحفظ کے لیےاقدامات کیے جارہے ہیں:مفتیِ اعظم

حکومت وبا سے عوام اور ملک کے تحفظ کے لیے شعبۂ صحت اورسکیورٹی کی تمام توانائیوں کو بروئے کار لارہی ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کے مفتیِ اعظم اور سینیر علماء کی کونسل کے صدر شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن محمد آل الشیخ نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت کے اقدامات اور عمرے کی معطلی کی تائید کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سعودی مملکت نے عوام کی بھلائی کی غرض سے دنیا میں پھیلنے والے نئے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فیصلے کیے ہیں۔ان کا مقصد اس مہلک وائرس کے ضرررساں اثرات کو کم کرنا ہے۔

Advertisement

انھوں نے اس بات پر زوردیا ہے کہ انسانی جان کا تحفظ اور جسمانی تحفظ اسلامی تعلیمات کا حصہ ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مفتیِ اعظم شیخ عبدالعزیز نے کہا کہ ’’خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی حکومت اس مہلک وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفظِ ماتقدم کے طور پر اقدامات کررہی ہے اور احتیاطی تدابیر اختیار کررہی ہے۔‘‘

انھوں نے تمام شہریوں اور مکینوں پر زور دیا ہے کہ وہ سکیورٹی اور صحت کے مجازحکام کے ساتھ تعاون کریں،وہ تمام لوگوں کے تحفظ کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کررہے ہیں اور اس ضمن میں بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔

مفتیِ اعظم نے سعودی مملکت کی اس نئے وائرس (کووِڈ-19) کی وبا سے نمٹنے کے لیے کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس وبا سے عوام اور ملک کے تحفظ کے لیے شعبۂ صحت اور سکیورٹی کی تمام توانائیوں کو بروئے کار لارہی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں