ٹام ہینکس کے بعد: مشہور برطانوی اداکار ادریس البا کرونا کا نیا شکار بن گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ہالی وڈ کے مشہور برطانوی اداکار ادریس البا کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ اس سے قبل امریکی اداکار ٹوم ہینکس اپنی اہلیہ کے ہمراہ اس لاعلاج بیماری کا شکار ہو کر قرنطینہ میں علاج کروا رہے ہیں۔

’’ایونجر: انفیٹی وار‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ادریس البا نے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ انہیں فی الحال کوئی اور بیماری نہیں، تاہم وہ کرونا وائرس ٹیسٹ کا مثبت نتیجہ آنے پر خود گھر پر قائم قرنطینہ میں منتقل کر رہے ہیں، تاکہ دوسروں تک وائرس کے پھیلاؤ سے بچ سکیں۔

سینتالیس سالہ ادریس البا نے اپنے چاہنے والوں اور شائقین سے اپیل کی ہے کہ ’’وہ گھروں میں رہ کر رابطے میں رہیں۔ میں اپنی صحت سے متعلق رابطے میں رہوں گا ۔۔۔۔ فکر مندی کی ضرورت نہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ میں نے کرونا کا ٹیسٹ اس خدشے کی بنا کر کروایا کہ چند روز قبل میری ملاقات اس وائرس کے شکار ایک فرد سے ہوئی تھی، تاہم انھوں نے اس شخصیت کا نام نہیں بتایا۔

یاد رہے کہ مشہور امریکی فلمی اداکار ٹام ہیکنس اور ان کی اہلیہ ریتا ویلسن نے گذشتہ ہفتے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی۔

ادھر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی ممالک نے اہم اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ فرانس نے منگل اور روس نے بدھ سے اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یورپ میں پرتگال اور اسپین نے بھی دونوں ممالک کے مابین درمیان پروازیں اور ٹرین سروس معطل کردی ہیں اور سرحدیں بند کردی ہیں۔ کئی ممالک میں فضائی اور ٹرین سروس معطل، غیر ملکیوں کے داخلوں پر پابندی، نیوجرسی میں کرفیو نافذ ہے۔

ہنگری نے بھی پیر اور منگل کی درمیانی شب غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ سوئٹزر لینڈ کی حکومت کرونا وائرس کے باعث ملک میں ہنگامی حالات کے نفاذ کا اعلان کرچکی ہے۔

مشرقی وسطیٰ میں سعودی عرب، کویت، لبنان پہلے ہی اپنی سرحدیں بند کرچکے ہیں اور سعودی عرب کی جانب سے متعدد ممالک سے آنے والے مسافروں کی آمد پر 14 دن کی پابندی عائد کی جاچکی ہے ساتھ ہی سعودی عرب میں سرکاری دفاتر بند ہوچکے ہیں اور ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

عالمی سطح پر کرونا کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کے سلسلے میں پیرس، دبئی ، لاس اینجلس جیسے پُررونق شہروں میں سماجی و تفریحی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ جرمنی اور برطانیہ نے بھی عوامی سرگرمیاں محدود کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ باقی دنیا کے برخلاف میکسیکو اور برازیل میں بڑی سیاسی ریلیاں جاری ہیں اور برطانیہ نے بھی تاحال اسکول بند نہیں کیے ہیں۔

بھارت میں بھی کرونا کے خلاف اقدامات جاری ہیں، تاج محل سمیت تمام تفریحی و عوامی مقامات بند کردیے گئے ہیں۔

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 7 ہزار سے تجاوز کر گئیں جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 77 ہزار سے زائد ہوگئی تاہم 67 ہزار افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں