.

ترکی میں کرونا سے مزید ہلاکتیں، متاثرین کی تعداد میں بھی غیر مسبوق اضافہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترکی کے وزیر صحت فخر الدین قوجہ نے جمعہ کے روز بتایا کہ انتہائی متعدی وائرس 'کرونا' کا نشانہ بننے کے بعد پانچ معمر افراد اس وائرس کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں جس کے بعد ترکی میں کرونا سے فوت ہونے والے افراد کی تعداد نو ہوگئی ہے۔

گذشتہ ہفتے پہلے کیس کے اعلان کے بعد سے ملک میں وبا کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ جمعہ کو ترکی میں کرونا کے 670 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھںٹوں کے دوران 3656 افراد کا طبی معائنہ کیا گیا جن میں 311 کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

ایک بیان میں ترک وزارت صحت نے کہا ہے کہ نجی اسپتالوں سمیت تمام اسپتال کرونا کے مشتبہ مریضوں کو داخل کریں گے اور مریضوں کو تمام اسپتالوں میں علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ انقرہ نے کرونا کے باعث 20 ممالک کے ساتھ فضائی سروس معطل کر دی ہے۔ اسکول اور کیفے بند کر دیے گئے ہیں اور مساجد میں با جماعت نماز کی ادائیگی روک دی گئی ہے۔ ملک میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلے اور دیگر سماجی اور ثقافتی سرگرمیاں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔