.

سعودی عرب : ایک دن میں کرونا وائرس کے 119 نئے کیسوں کی تصدیق ، کل تعداد 511

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے اتوار کے روز مہلک وائرس کرونا کے 119 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔مملکت میں اب اس مہلک وائرس کا شکار افراد کی تعداد 511 ہوگئی ہے۔ان میں 17 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے ایک نیوز کانفرنس میں بتاہا ہے کہ نئےکیسوں میں 72 کا تعلق مکہ مکرمہ ، 34 کا الریاض ، چار ، چار الدمام اور القطیف سے تعلق رکھتے ہیں اور تین کا تعلق الاھساء سے ہے۔

انھوں نے مزید بتایا ہے کہ تین کیسوں کا تعلق الخوبر، ایک کا ظہران اور ایک کا القصیم سے ہے۔ان تمام افراد کو تشخیص کے بعد الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں اب تک 23 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور اس مہلک وائرس پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ڈاکٹر العبد العالی نے اپنے گذشتہ روز کے اس مشورے کا اعادہ کیا ہے کہ ’’ لوگ اس وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے اپنے گھروں ہی میں مقیم رہیں اور سماجی روابط سے گریز کریں۔‘‘

انھوں نے گذشتہ روز کہا تھا کہ ’’گھروں میں بھی اجتماعات خطرناک ہیں اور پانچ سے بیس افراد تک لوگوں کے اکٹھا ہونے کی حوصلہ شکنی کی جانا چاہیے۔یہ مت سوچیے کہ ہاتھ نہ ملانے یا ہاتھ دھونے سے آپ محفوظ رہیں گے۔یہ پیشگی حفاظتی قدم ہے لیکن یہی سب کچھ نہیں ہے۔‘‘

سعودی عرب کی وزارت برائے امور خارجہ نے الگ سے ایک بیان میں بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے 33 فی صد کیس پہلے سے اس مہلک وبا کا شکارافراد سے میل ملاپ اور سماجی روابط کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔وہ شادی کی تقریبات میں شریک ہوئے تھے،انھوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی تھی یا اپنے اپنے خاندانوں کی تقریبات میں شریک ہوئے تھے اور کرونا وائرس سے متاثرہ افراد سے سے رابطے کی وجہ سے خود بھی بیمار پڑ گئے ہیں۔