سعودی عرب میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے نافذ کرفیو کی خلاف ورزی پرکیا سزا ہوگی؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ مملکت میں رات سات بجے سے صبح چھے بجے تک نافذ کرفیو کی جو کوئی بھی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا،اس پر 10 ہزار ریال (2663 ڈالر) جرمانہ عاید کیا جائے گا اور اگر کسی نے دوبارہ اس کی خلاف ورزی کی تو اس کو جیل کی ہوا کھانا پڑے گی اور ساتھ دُگنا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کرونا وائرس کی مہلک وبا کو مملکت میں پھیلنے سے روکنے کے لیے رات کو گیارہ گھنٹے کا کرفیو نافذ کردیا ہے۔ سوموار کی شب سے یہ کرفیو 21 روز تک نافذ رہے گا۔

Advertisement

سعودی عرب کی وزارت صحت نے سوموار کے روز مہلک وائرس کرونا کے 51 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔مملکت میں اب اس مہلک وائرس کا شکار افراد کی تعداد 562 ہوگئی ہے۔

حکام نے شہریوں پر زوردیا ہے کہ وہ کرفیو کے مذکورہ اوقات میں اپنے گھروں ہی میں مقیم رہیں، سماجی روابط سے گریز کریں اور کسی ناگزیر ضرورت ہی کی صورت میں گھر سے باہر نکلیں۔

سعودی عرب کی وزارت برائے امور خارجہ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ مملکت میں کرونا وائرس کے 33 فی صد کیس پہلے سے اس مہلک وبا کا شکارافراد سے میل جول اور سماجی روابط کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔وہ شادی کی تقریبات میں شریک ہوئے تھے،انھوں نے کسی متوفیٰ کی نماز جنازہ میں شرکت کی تھی یا اپنے اپنے خاندانوں کی مختلف تقریبات میں شریک ہوئے تھے اور پھرکرونا وائرس سے متاثرہ افراد سے رابطے کی وجہ سے خود بھی بیمار پڑ گئے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں