دنیا کو لپیٹ میں لینے والا کرونا وائرس اولمپک کھیلوں کو بھی نگل گیا
مہلک وائرس کے باعث معطل ہونے اولمپک گیمز سب سے بڑا واقعہ ہے
کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال کے باعث ٹوکیو اولمپک 2020 آئندہ سال تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔
بین الاقوامی اولمپکس کمیٹی نے منگل کو اولپک کھیل ملتوی کرنے کا اعلان کیا، جو 24 جولائی سے 9 اگست تک جاپان میں منعقد ہونی تھیں۔ تفیصلات کے مطابق اولمپکس کمیٹی کے چیئرمین تھامس باخ اور جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے کے مابین ٹیلی فون پر گفتگو کے بعد اولمپک ملتوی کرنے کا مشترکہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
جاپانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی تاریخ تبدیل کرنے کے فیصلے کی اولمپک کمیٹی کے چیئر مین تھامس باخ نے ’ایک سو فیصد حمایت‘ کی ہیں۔ جاپانی وزیراعظم اور اولمپک کمیٹی کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے اولمپک ملتوی کرکے سال 2021 کے موسم سرما میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ایتھلٹس، دیگر متعلقہ افراد اور انٹرنیشنل کمیونٹی کی صحت کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اعلامیے میں اس فیصلے کا بھی اعلان کیا گیا ہے کہ اولمپکس مشعل جاپان میں ہی رہے گی، اور اس کا نام ’اولمپک اینڈ پیرا اولمپک گیمز ٹوکیو 2020‘ تبدیل نہیں کیا جائے گا۔
اس سے قبل مختلف مواقع پر اولمپکس کا بائیکاٹ کیا گیا اور یہ کھیل دہشت گرد حملوں اور مظاہروں کا بھی نشانہ بنتے رہے لیکن ان واقعات کے باوجود 1982 سے اب تک مسلسل ہر چار سال بعد اولپمک گیمز منعقد ہوتی رہی۔ کرونا وائرس کے باعث معطل ہونے والا یہ سب سے بڑا ایونٹ ہے۔