سعودی عرب: کرونا وائرس سے پہلی موت کی تصدیق ،متاثرین میں 205 افراد کا اضافہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے کرونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض کی موت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ مملکت میں اس مہلک وائرس کا شکار افراد کی تعداد 767 ہوگئی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد عبدالعالی نے منگل کے روز ایک نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے لقمہ اجل بننے والا مریض غیرملکی ہے۔اس کو مدینہ منورہ میں ایک اسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا تھا جہاں اس کی حالت بڑی تیزی سے بگڑ گئی اور وہ سوموار کی شب جان کی بازی ہار گیا ہے۔سعودی عرب میں اس مہلک وائرس سے یہ پہلی موت ہے۔

Advertisement

انھوں نے کرونا وائرس کے 205 نئے مریضوں کی اطلاع دی ہے۔سعودی عرب میں اب تک ایک دن میں اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ترجمان نے سوموار کو اس مہلک وائرس کا شکار افراد کی تعداد 562 بتائی تھی۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کرونا وائرس کی مہلک وبا کو مملکت میں پھیلنے سے روکنے کے لیے سوموار کی شب سے گیارہ گھنٹے کا کرفیو نافذ کردیا ہے۔ مملکت میں شام سات بجے سے صبح چھے بجے تک نافذ اس کرفیو کے دوران میں دارالحکومت الریاض اور دوسرے شہروں میں بڑی شاہراہیں سنسان نظر آ رہی تھیں اوربعض علاقوں میں ایک طرح سے تو ہُو کا عالم تھا۔

سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق اس کرفیو کی جو کوئی بھی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا،اس پر 10 ہزار ریال (2663 ڈالر) جرمانہ عاید کیا جائے گا اور اگر کسی نے دوبارہ اس کی خلاف ورزی کی تو اس کو جیل کی ہوا کھانا پڑے گی اور ساتھ دُگنا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

سعودی حکام نے شہریوں پر زوردیا ہے کہ وہ کرفیو کے مذکورہ اوقات میں اپنے گھروں ہی میں مقیم رہیں، سماجی روابط سے گریز کریں اور کسی ناگزیر ضرورت ہی کی صورت میں گھر سے باہر نکلیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں