.

بحرین میں کرونا وائرس سے ایک اور ہلاکت، مہلوکین کی تعداد چار ہوگئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بحرین میں کرونا وائرس سے ایک 78 سالہ ضعیف العمر مریض وفات پا گیا ہے۔اس ننھی خلیجی عرب ریاست کی وزارتِ صحت کے مطابق اب کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔

وزارت نے وضاحت کی ہے کہ متوفیٰ بعض دوسرے دائمی امراض میں بھی مبتلا تھا اور وہ کرونا وائرس کے ایک اور مریض سے گھلنے ملنے کی وجہ سے اس مہلک وبا کا شکار ہوا تھا۔

اس بحرینی شخص کو کرونا کی تشخیص کے بعد ایک قرنطنیہ مرکز میں منتقل کردیا گیا تھا اور خصوصی ڈاکٹروں پر مشتمل ایک ٹیم اس کے علاج پر مامور تھی۔

وزارت صحت نے مزید کہا ہے کہ ’’متوفیٰ کو چوبیس گھنٹے علاج معالجے کی تمام ضروری خدمات مہیا کی جارہی تھیں،اس کے علاوہ قرنطینہ اور علاج کے مراکز میں کرونا وائرس کے دوسرے مریضوں کو بھی خصوصی طبی ٹیم علاج معالجے کی خدمات مہیا کررہی ہے اور ان کے باقاعدگی سے ضروری لیبارٹری ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔‘‘

اس کا کہنا ہے کہ ’’اس وقت کرونا وائرس کے دو کے سوا باقی تمام مریضوں کی حالت مستحکم ہے۔ان دو کیسوں کی حالت تشویش ناک ہے اور انھیں انتہائی نگہداشت میں رکھا جارہا ہے۔‘‘

قبل ازیں وزارت صحت نے بتایا تھا کہ بدھ تک بحرین میں کرونا وائرس کے 225 فعال کیس ہیں۔ان میں ایک کی حالت تشویش ناک ہے اور 190 کو طبی مراکز سے ڈسچارج کیا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ بحرینی حکومت نے25 فروری کو کرونا وائرس پھیلنے کے بعد ملک بھر میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں اور جامعات کو بند کردیا تھا اور اس کے بعد مساجد میں بھی پنج وقتہ نمازوں کی ادائی پر پابندی عاید کردی تھی۔بحرین میں بھی خطے کے بعض دوسرے ممالک کی طرح ایران سے لوٹنے والے شیعہ زائرین سے کرونا وائرس پھیلا تھا۔