یو اے ای:پبلک ٹرانسپورٹ بند،26 سے 29 مارچ تک عوام کی نقل وحرکت محدود

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 26 مارچ سے 29 مارچ تک سرکاری تنصیبات کی صفائی ستھرائی کے لیے قومی مہم چلائی جارہی ہے،اس دوران میں حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ بند اور عوام کی نقل وحرکت محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یو اے ای کی وزارت صحت اور وزارت داخلہ نے تمام وفاقی اور مقامی اداروں کے ساتھ مل کر جمعرات کی شب آٹھ بجے سے اتوار کی صبح چھے بجے تک قومی صفائی پروگرام کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کے تحت تمام سرکاری تنصیبات ، پبلک ٹرانسپورٹ اور میٹرو سروس کو جراثیم کش سپرے سے مصفا کیا جائے گا۔

Advertisement

یو اے ای کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اس عرصے کے دوران میں ٹریفک اور عوام کی نقل وحرکت محدود رہے گی۔پبلک ٹرانسپورٹ اور میٹرو سروس معطل رہے گی۔‘‘

اس نے واضح کیا ہے کہ دبئی کے مکین خاص طور پر اس عرصے کے دوران میں اپنے گھروں ہی میں مقیم رہیں۔ وہ صرف خوراک ، ادویہ اور اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لیے گھروں سے باہر نکل سکتے ہیں یا پھر اہم شعبوں میں ملازمتیں کرنے والے لوگوں کو گھروں سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔

ان شعبوں میں توانائی ، مواصلات ، صحت ، تعلیم ، سکیورٹی ، پولیس ،فوج ، پوسٹل سروسز ، جہازرانی ، ادویہ سازی ،آب وخوراک ، شہری ہوابازی ، ہوائی اڈے، محکمہ پاسپورٹس ، مالیات اور بنک کاری کا شعبہ ،سرکاری میڈیا اور سروسز شامل ہیں۔ان میں گیس اسٹیشنوں اور تعمیراتی منصوبوں پر کام کرنے والے ملازمین شامل ہیں اور انھیں گھروں سے باہر کام کی جگہوں پر جانے کی اجازت ہوگی۔

وزارت داخلہ اور صحت نے کہا ہے کہ حکام لوگوں کی نقل وحرکت کی نگرانی کریں گے اور اس کو محدود کرنے کے لیے ان کے قومی شناختی کارڈ یا بزنس کارڈوں کی تصدیق کریں گے۔

انھوں نے وضاحت کی ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی دکانوں ، سپر مارکیٹوں اور دوا خانوں کو چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔وزارتوں نے معاشرے کے تمام ارکان پر زوردیا ہے کہ وہ اس فیصلے پر مکمل عمل درآمد کریں گے۔

متحدہ عرب امارات نے بدھ کو کرونا وائرس کے 85 نئے کیسوں کی تصدیق کی تھی۔ان کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 133 ہوگئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں