سعودی عرب میں کرونا وائرس سے چوتھی موت کی تصدیق، مزید 99 افراد کے ٹیسٹ مثبت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز کرونا وائرس سے چوتھی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں مزید 99 افراد کے اس مہلک وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور اس کے مریضوں کی تعداد 1203 ہوگئی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق نئے کیسوں میں 10 نے حال ہی میں بیرون ملک سفر کیا تھا۔مملکت میں لوٹنے کے بعد ان کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور تشخیص کے بعد انھیں الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔باقی 89 افراد پہلے سے کرونا وائرس کا شکار مریضوں سے رابطے اور میل جول کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں اور انھیں بھی طبّی نگرانی میں رکھا جارہا ہے۔

Advertisement

کرونا وائرس کے مذکورہ نئے کیسوں میں 41 کا تعلق الریاض ، 12،12 کا مکہ مکرمہ اور القطیف اور 18 کا جدہ سے ہے۔ مدینہ منورہ سے چھے نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ تبوک سے تین ، ابھا اور الخوبر سے ایک، ایک ، خمیس مشیط سے تین اور الہفوف اور مشرقی شہر سیہات سے ایک،ایک کیس کی تصدیق کی گئی ہے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ 37 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔سعودی عرب نے گذشتہ ہفتے عشرے کے دوران میں اس کی وبا سے نمٹنے کے لیے کئی ایک سخت اقدامات کیے ہیں۔ان کے تحت مملکت کے تیرہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے مکینوں پر سفری پابندی عاید کردی گئی ہے۔مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور دارالحکومت الریاض میں سہ پہر تین بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیو نافذ ہے اور ان شہروں سے خروج یا ان میں دخول پر پابندی عاید ہے۔

وزارت صحت نے شہریوں اور مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور انھیں معمولی نہ سمجھیں۔ وہ باقاعدگی سے اپنے ہاتھوں کو دھوئیں ، اپنے مُنھ ، چہرے اور ناک کو چھونے سے گریز کریں۔اگر کسی فرد میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوں تو اس کو فوری طور پر خود کو لگ تھلگ کرلینا چاہیے۔چہرے پر ماسک پہننا چاہیے تا کہ اس کے کھانسنے یا چھینکنے سے یہ وبائی وائرس پھیلے اور نہ دوسرے لوگ متاثر ہوں۔

مقبول خبریں اہم خبریں