.

قطرمیں کرونا وائرس سے پہلی موت ، 28 نئے کیسوں کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

قطر کی وزارت برائے صحتِ عامہ نے ہفتے کے روز کرونا وائرس سے پہلی موت اور 28 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ اس خلیجی عرب ریاست میں اب اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 588 ہوگئی ہے۔

قطر کی سرکاری خبررساں ایجنسی (کیو این اے) نے وزارتِ صحت عامہ کے حوالے سے ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ مرنے والا شخص عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کا شہری تھا۔اس کی عمر 57 سال تھی اور وہ دیگر عوارض کا بھی شکار تھا۔

وزارت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا شکار مزید دو افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔ یہ دونوں قطری شہری ہیں اور ان کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 45 ہوگئی ہے۔

قطر نے جمعہ کو اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام غیر ضروری کاروباروں کو تاحکم ثانی بند کرنے کا حکم دیا ہے۔تاہم قطری حکومت کے ترجمان کے مطابق سپر مارکیٹیں اور دواخانے بدستور کھلیں رہیں گے۔

قطری حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 17 مارچ کو مساجد کو بند کرنے اور جمعہ سمیت پنج وقتہ نمازوں کی باجماعت ادائی کو موقوف کردیا تھا۔

قطری حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے شاپنگ مالوں میں واقع بنکوں کی تمام شاخوں اور دکانوں کو بھی دو ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس نے حجام کی دکانیں ، ہوٹلوں میں ورزش گاہیں اور پرچون کی دکانیں بھی بند کردی ہیں اور انڈسٹریل ایریا میں تمام سرگرمیاں معطل کررکھی ہیں۔