کرونا وائرس: یو اے ای میں رات کے کرفیو اور صفائی کے پروگرام میں ایک ہفتے کی توسیع
متحدہ عرب امارات نے ملک بھر میں نافذ رات کے کرفیو اور صفائی کے پروگرام کا دورانیہ مزید ایک ہفتے (پانچ اپریل) تک بڑھا دیا ہے۔یو اے ای کی وزارت برائے صحت عامہ نے ایک بیان میں لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ رات آٹھ بجے سے صبح چھے بجے تک گھروں ہی میں رہیں۔
یو اے ای نے ہفتے کے روز کرونا وائرس کے 63 نئے کیسوں کا اعلان کیا ہے۔اس کے بعد مملکت میں تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 468 ہوگئی ہے۔
یو اے ای نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 26 مارچ کوسرکاری تنصیبات کی صفائی ستھرائی کی قومی مہم چلانے کا اعلان کیا تھا اور یہ 29 مارچ اتوار کو ختم ہورہی تھی۔اس دوران میں حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ بند اور عوام کی نقل وحرکت محدود کردی ہے۔
یو اے ای کی وزارتِ صحت کی خاتون ترجمان فریدہ الحسنی کے مطابق قومی صفائی کے اس پروگرام کے تحت تمام سرکاری تنصیبات ، پبلک ٹرانسپورٹ اور میٹرو سروس کو جراثیم کش سپرے سے مصفا کیا جارہا ہے۔اس پروگرام میں مختلف حکومتی اداروں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں کارکنان ، نگران اور منتظمین حصہ لے رہے ہیں۔
دبئی کے حکام نے میٹرو ، ٹیکسیوں ، بسوں اور ٹراموں کو جراثیم کش اسپرے سے مصفا کیا ہے۔دبئی میڈیا آفس نے اس مہم کی سوشل میڈیا پر ویڈیوز پوسٹ کی ہیں۔
دبئی پولیس نے اہم شاہراہوں پر راڈاروں کی ویڈیوز بھی شیئرز کی ہیں۔ انھیں رات کو کرفیو کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کا سراغ لگانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
دریں اثناء متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کرونا وائرس کی وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے قرنطینہ کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکبین پر بھاری جرمانے عاید کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پبلک پراسیکیوشن کے مطابق اگر ایک ڈرائیور کار میں تین سے زیادہ افراد کے ساتھ نظر آیا تواس کو ایک ہزار درہم (272ڈالر) جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔شہری علاقوں میں دوسروں کے ساتھ چلنے پر270 ڈالر اوراجتماعات منعقد کرنے پر 1360 ڈالر جرمانہ عاید کیا جائے گا۔