ایرانی پارلیمان کے اسپیکرعلی لاریجانی کرونا وائرس کا شکار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ایرانی پارلیمان کے اسپیکر علی لاریجانی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اوران کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا کے مطابق علی لاریجانی کا کرونا وائرس کے مرض کی علامات ظاہر ہونے اور ان کا نظام تنفس بگڑنے کے بعد ٹیسٹ کیا گیا ہے،اس کے بعد انھیں قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے اور ان کا علاج کیا جارہا ہے۔

Advertisement

وہ اب تک ایرانی نظام کے سب سے اعلیٰ عہدے دار ہیں جو کووِڈ-19 کا شکار ہوئے ہیں۔ان سے پہلے پارلیمان کے بعض ارکان اور کئی ایک عہدے دار اس مہلک وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اور ان میں 17 وفات پا گئے ہیں۔

علی لاریجانی نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ ایران نے کرونا وائرس کی وَبا سے نمٹنے کے لیے دنیا کے کئی ایک دوسرے ممالک سے زیادہ بہتراقدامات کیے ہیں۔

ایرنا نے ان کا یہ بیان نقل کیا تھا:’’وزارتِ صحت اور مسلح افواج کے اقدامات پر ہم شکرگزار ہیں جن کی بدولت ایران کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں دنیا کے بہت سے ممالک سے آگے ہے۔‘‘

ایران میں جمعرات تک کرونا وائرس سے 3160 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ملک بھر میں 50468 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ایران کے شہرقُم میں سب سے پہلے کرونا وائرس پھیلا تھا اور پھر اس نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں