بحرین کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے 241 تصدیق شدہ کیس ایران سے آئے تھے۔
بحرین نے گذشتہ ماہ ایران پر’’حیاتیاتی جارحیت‘‘ کا الزام عاید کیا تھا اور کہا تھا کہ اس نے کرونا وائرس پھیلنے کی معلومات کو چھپایا ہے اور بحرین سے جانے والے مسافروں کے پاسپورٹس پر مہریں بھی نہیں لگائی تھیں۔
بحرین کی وزارتِ صحت نے گذشتہ ماہ خطے میں کرونا وائرس سے سب سے متاثرہ ملک ایران سے اپنے 165 شہریوں کو خصوصی پرواز کے ذریعے منامہ منتقل کیا تھا۔ ان میں 77 شہریوں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے تھے۔
بحرین میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مزید 112 مریض بھی بیرون ملک سے لوٹے تھے۔ ان میں 57 افراد برطانیہ سے آئے تھے، 12 مصر ، جرمنی اور عراق سے آٹھ آٹھ اور 27 مختلف ممالک سے آئے تھے۔
اس ننھی خلیجی عرب ریاست نے اب تک اس مہلک وائرس کے 569 کیسوں کی تصدیق کی ہے اور چار اموات کی اطلاع دی ہے۔
واضح رہے کہ بحرین دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے کرونا وائرس کے علاج کے لیے ملیریا کی دوا ہائیڈراکسی کلوروکوین کا استعمال شروع کیا تھا۔ بحرین کی سرکاری خبررساں ایجنسی بی این اے کا کہنا ہے کہ جن مریضوں کو کووِڈ- 19 کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ہائیڈراکسی کلوروکوین کی خوراک دی گئی ہے،ان پر اس کے اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔