دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 60 ہزار سے متجاوز
چین میں کرونا کے مہلوکین کا سوگ ملک بھر میں تین منٹ کی خاموشی اختیار کر کے منایا گیا
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 60 ہزار سے زیادہ ہو گئی۔ دس لاکھ 98 ہزار 762 افراد عالمی وبا کا شکار ہو گئے۔ چین میں جمعرات کو کرونا سے ہلاک افراد کی یاد میں ایک دن کا سوگ منایا گیا۔
چین نے دہشت زدہ بیماری پر قابو پا کر دنیا کو امید کی نئی کرن دے دی۔ چین میں کرونا سے مرنے والے مریضوں کو طبی عملہ کی یاد میں ایک روزہ سوگ منایا گیا۔ ملک بھر میں تین منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سفارت خانوں اور قونصل خانوں پر چین کا قومی پرچم سرنگوں رکھا گیا ہے۔
اس حوالے سے چین کے بڑے شہروں میں صبح 10 بجے تقریبات منعقد ہوئیں۔ ان شہروں میں چین کا صنعتی مرکز ووہان بھی شامل تھا، جہاں سے یہ وائرس سب سے پہلے سامنے آیا۔
چینی صدر شی جین پنگ بھی زونگننائی کمپاؤنڈ میں ہونے والی ایک ایسی ہی تقریب کا حصہ تھے۔ چین میں اب تک کرونا وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 3326 ہو چکی ہے جبکہ 81 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں۔ ڈاکٹر لی سمیت طبی عملہ کے 14 ارکان کے لیے اعزاز کا اعلان بھی کیا گیا۔
دوسری جانب اٹلی میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 681 ہو گئی۔ ایک لاکھ 19 ہزار 827افراد عالمی وبا کی لپیٹ میں ہیں۔ سپین میں کرونا سے 11 ہزار 744 افراد موت کے منھ میں چلے گئے۔ فرانس میں 6 ہزار 507 افراد کرونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ برطانیہ میں 3 ہزار 605 افراد جان سے گئے۔ جرمنی میں 1275، چین میں 3 ہزار 326، ایران میں 3 ہزار 294 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ بھارت میں مرنے والوں کی تعداد 72 ہو گئی۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے 40 ہلاکتیں
پاکستان میں کووڈ ۔19 مرض سے مزید تین ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 40 ہو گئی۔ سرکاری ویب سائٹ کے مطابق ملک میں کووڈ۔19 کے کیسز کی تعداد 2708 ہو چکی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا متاثرین کے 131 نئے کیس سامنے آئے۔
پنجاب میں 1072، سندھ میں 839، خیبر پختونخوا 343، بلوچستان 175، گلگت بلتستان 193 جبکہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیرمیں 11 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ دارالحکومت اسلام آباد میں ابھی تک کرونا کے 75 کیس سامنے آ چکے ہیں جبکہ اس مرض سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 130 ہے۔