متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 277 نئے کیسوں اور ایک ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔یو اے ای میں اب اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2076 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کی خاتون ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحسنی نے سوموار کو نیوز بریفنگ میں بتایا ہے کہ کرونا وائرس سے وفات پانے والا شخص ایشیائی نژاد ہے۔اس مہلک وائرس کا شکار مزید 23 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں اور اب تک تن درست ہونے والے افراد کی تعداد 167 ہوچکی ہے۔
Dr. Farida Al Hosani, UAE Health Sector’s spokesperson, announced today at a news briefing on the developments of the coronavirus (Covid-19) in the UAE, 277 new cases bringing the total number of cases to 2076. #UAEGov
— UAEGov (@uaegov) April 6, 2020
ترجمان کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں اب متاثرہ افراد کے ٹیسٹوں کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور پہلے اس مہلک وائرس کا شکار افراد سے گھلنے ملنے والوں کا بھی سراغ لگایا جارہا ہے جس کے پیش نظر کیسوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔
انھوں نے کہا کہ ملک بھر میں کرفیو کی مدت میں اضافے اور دبئی میں اس کا دورانیہ بڑھا کر چوبیس گھنٹے کرنے کے بعد اب آن لائن خریداری میں اضافہ ہوگیا ہے۔ یو اے ای کی حکومت آن لائن خریداری کے عمل کو مربوط اور تیز بنانے کے لیے نجی شعبے اور جنرل اسٹوروں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔
ڈاکٹر فریدہ الحسنی نے شہریوں اور مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے گاہے ماہے جاری کردہ رہ نما ہدایات پر عمل کریں اور سماجی میل جول سے گریز کریں۔
انھوں نے خاندانوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ خریداری کے لیے بازار یا مارکیٹوں میں جاتے وقت بچوں کو ساتھ لے کر نہ جائیں تا کہ وہ اس مہلک وائرس کا شکار ہونے سے محفوظ رہیں۔انھوں نے وضاحت کی ہے کہ ایک خاندان کے کسی ایک فرد کو اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لیے گھر سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔
دبئی پولیس نے قبل ازیں لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ اپنی نقل وحرکت کے اجازت نامہ کے حصول کے لیے نئی ویب سائٹ پر اپنے ناموں کا اندراج کریں۔گھر سے باہر اشیائے ضروریہ یا ادویہ کی خریداری اور کرونا وائرس کے ٹیسٹ کرانے کے خواہاں افراد کو اس نئی ویب پر اپنا اندراج کرانا چاہیے۔