.

سعودی عرب: شاہ سلمان کے حکم پر زایدالمیعاد ویزوں کی مدت میں تین ماہ کی توسیع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر 25 فروری سے 24 مئی تک جن ویزوں کی مدت ختم ہورہی تھی،ان میں کسی اضافی فیس کے بغیر مزید تین ماہ کی توسیع کردی ہے۔

سعودی عرب نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کئی ایک اقدامات کیے ہیں۔ بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ کررکھا ہے۔شہریوں اور مکینوں کے اندرون اور بیرون ملک سفر پر پابندی کررکھی ہے جس کی وجہ سے بہت سے غیرملکی بھی سعودی عرب میں پھنس کررہ گئے ہیں۔سعودی حکومت نے عمرے کی ادائی پر پابندی عاید کررکھی ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شاہ سلمان کے اس اقدام کا مقصد کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے پابندیوں کے غیرملکیوں پر معاشی اثرات کو کم سے کم کرنا ہے۔اس کے تحت تجارتی شعبے میں کام کرنے والے تارکینِ وطن اپنے ویزوں کی مدت میں توسیع کراسکیں گے جبکہ سعودی عرب نے اس وقت غیرملکیوں کی آمد ورفت پر بھی پابندی عاید کررکھی ہے۔

شاہی فرمان کے بعد ایک اعلان میں کہا گیا ہے کہ نظامتِ عامہ برائے پاسپورٹس اب خود کار طریقے ہی سے ویزوں کی میعاد میں توسیع کردے گی۔اس لیے ویزاحاملین کو اپنے ویزوں کی تجدید کے لیے کسی دفتر میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ویزا حاملین اَبشر ایپ کے ذریعے بھی برقی طریقے سے اس سروس تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔