.

سعودی عرب:24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے تین اموات ،355 نئے کیسوں کی تصدیق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے تین اموات کی تصدیق کی ہے اور 355 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔ مملکت میں اب کل کیسوں کی تعداد 3287 ہوگئی ہے اور اس مہلک وائرس سے 44 اموات ہوچکی ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد عبدالعالی نے جمعرات کو اطلاع دی ہے کہ مدینہ منورہ میں 89، دارالحکومت الریاض میں83 ، مکہ مکرمہ میں 78 اور جدہ میں 45 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کا شکار 666 افراد تن درست ہوچکے ہیں۔

ترجمان نے شہریوں اور مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنے گھروں ہی میں مقیم رہیں اور سماجی میل جول کے وقت مناسب فاصلہ اختیار کریں۔

انھوں نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور اس کا شکار افراد کے علاج میں معاونت کےلیے رضا کار کے طور پر اپنے ناموں کا اندراج کرانے والے افراد کی تعریف کی ہے۔انھوں نے کہا کہ اب تک 80 ہزار افراد نے رضاکار کے طور پر اپنے ناموں کے اندراج کے لیے درخواستیں بھیجی ہیں۔ وہ حکام اور محکمہ صحت کے طبّی عملہ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

واضح رہے کہ سعودی وزیرصحت توفیق الربیعہ نے اسی ہفتے خبردار کیا ہے کہ مملکت میں آیندہ چند ہفتوں کے دوران میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ سے دو لاکھ تک ہوسکتی ہے۔انھوں نے سعودی اور غیرملکی ماہرین کے چار تحقیقی مطالعات پر مبنی یہ اعداد وشمار جاری کیے ہیں۔

انھوں نےان مطالعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے کیسوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ان میں کمی واقع نہیں ہورہی ہے۔اب مستقبل میں اس مہلک وائرس کے کیسوں کی تعداد کا انحصار ہر کسی کے تعاون اور حکومت کی جاری کردہ رہ نما ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد پر ہے۔