.

کرونا کی روک تھام کے لیے ترکی اسرائیل کو طبی ساز و سامان فراہم کرے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترکی نے اسرائیل کو طبی ساز و سامان اور لوازمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں چہرے کے ماسک، حفاظتی لباس اور جراثیم سے پاک دستانے شامل ہیں۔ اس فیصلے کا مقصد کرونا وائرس کے سبب پھیلی ہوئی وبا کی روک تھام میں تل ابیب کی مدد کرنا ہے۔

اسرائیل میں اب تک کرونا وائرس کے 9000 کے قریب کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں 50 سے زیادہ افراد فوت ہو چکے ہیں۔

ترکی کی حکومت نے "انسانی" وجوہات کی بنیاد پر اسرائیل کو طبی ساز و سامان فروخت کرنے کی منظور دی ہے۔ اس بات کی بھی توقع ہے کہ اسرائیل ترکی کی جانب سے طبی ساز و سامان کی اسی نوعیت کی ایک کھیپ بنا روک ٹوک فلسطینی اتھارٹی تک پہنچنے کی اجازت دے گا۔ بلومبرگ ویب سائٹ کے مطابق یہ بات ترکی کے ایک اعلی عہدے دار نے بتائی۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ عالمی وبا کے دوران انقرہ کا تل ابیب کے ساتھ یک جہتی کا اظہار ،،، ترکی اور اسرائیل کے درمیان کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے کا راستہ کھول دے گا۔

سال 2003 میں رجب طیب ایردوآن کے اقتدار میں آنے سے پہلے انقرہ اسلامی دنیا میں اسرائیل کا قریب ترین شریک تھا۔ اس کی وجہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط عسکری تعاون ہے۔

مذکورہ ترک عہدے دار کے مطابق آئندہ جمعرات کے روز اسرائیل کے 3 طیارے ترکی کے جنوب میں واقع انجرلک فوجی اڈے پر اتریں گے۔ ان طیاروں کے ذریعے طبی ساز و سامان اسرائیل منتقل کیا جائے گا۔

ترکی کے عہدے دار نے بتایا کہ ان کا ملک آئندہ چند روز کے دوران فلسطینیوں کے لیے طبی امداد کا عطیہ دے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں