یو اے ای: کرونا وائرس کے مریضوں کا ہائیڈراکسی کلوروکوین سے کامیابی سے علاج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے مریضوں کا دو دواؤں کلوروکوین اور ہائیڈراکسی کلوروکوین کے استعمال کے ذریعے کامیابی سے علاج کیا جارہا ہے۔

یو اے ای کی وزارت صحت کی ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحسنی نے نیوزکانفرس میں بتایا ہے کہ ملیریا کا تریاق دوا اور سوزش مخالف دوا کا کرونا وائرس کے مریضوں کو استعمال کرایا گیا ہے اور ابتدائی مطالعات میں اس کے استعمال سے کامیابی کے اشارے ملے ہیں۔

Advertisement

انھوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈاکٹر حضرات ان دواؤں کے اثرات کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ان سے کرونا کے مریضوں کی بیماری کا دورانیہ کم ہورہا ہے اور اس کی علامات کی شدت میں بھی کمی واقع ہورہی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ یو اے ای میں دوسرے ممالک کے مقابلے میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد زیادہ تعداد میں صحت یاب ہورہے ہیں۔اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ملک میں کرونا کے زیادہ تر کیسوں میں معمولی علامات ظاہر ہوئی تھیں اور کم یا بالکل علامات والے بیشتر مریض دو سے تین ہفتوں میں مکمل صحت یاب ہوگئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ملک میں اب حکومت نے ٹیسٹ کے لیے تیرہ مراکز قائم کردیے ہیں۔ گذشتہ دو ایک روز میں ان مراکز میں 20 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں،ان میں شہری اور مکین دونوں شامل ہیں اور ان میں پونے چار سو افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں لیکن ان سب کی حالت مستحکم ہے۔

یو اے ای کی وزارتِ صحت نے قبل ازیں 376 نئے کیسوں کی تصدیق کی تھی اور ملک میں اب کل کیسوں کی تعداد 3736 ہوگئی ہے۔ خاتون ترجمان کے مطابق ان میں سے 588 صحت یاب ہوچکے ہیں اور اس مہلک وائرس کا شکار 20 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

وزارت صحت نے بخار میں مبتلا یا نظام تنفس کے عوارض کھانسی یا سانس ٹوٹنے وغیرہ سے دوچار افراد سے کہا ہے کہ وہ ان علامات کو معمولی نہ سمجھیں اور اپنے نزدیک ترین سنٹر سے رجوع کریں اور وہاں اپنا ٹیسٹ کرائیں۔ترجمان نے شہریوں پر زوردیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کریں،کسی ٹیسٹ سنٹر پر جاتے وقت چہرے پر ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ اختیار کریں۔

مقبول خبریں اہم خبریں