یو اے ای: شکاگو، منیلا، تُونس اور دوسرے شہروں کے لیے امارات کی محدود پروازوں کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی امارات (ایمریتس) ائیرلائنز نے شکاگو ، منیلا ، کابل ، جکارتہ ، الجزائر ، تُونس، تائیپی ، لندن اور فرینکفرٹ کے لیے اپنی محدود پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یو اے ای کے حکام نے 24 مارچ کو کرونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے امارات ائیرلائنز کی بیشتر بین الاقوامی پروازیں معطل کردی تھیں۔

امارات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مذکورہ شہروں سے پروازوں کے ذریعے مکینوں اور سیاحوں کو ملک میں واپس لایا جائے گا لیکن اس نے یہ نہیں بتایا ہے کہ ان پروازوں کا آغاز کب سے ہوگا۔

کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کےلیے حفظ ماتقدم کے طور پر ان پروازوں کے ذریعے جرائد اور طباعتی مواد کی حمل ونقل کی اجازت نہیں ہوگی۔اس کے علاوہ آن لائن چیک اِن اور نشست کے انتخاب کی سہولت معطل رہے گی۔

امارات نے کہا ہے کہ کیبن باربرداری کو محدود کردیا گیا ہے اور مسافروں کو صرف لیپ ٹاپ ، دستی بیگ ، بریف کیس اور بچوں کی اشیاء لے جانے کی اجازت ہوگی۔ مسافروں کو سفرکے دوران میں سماجی فاصلہ اختیار کرنا ہوگا،ہوائی اڈے اور طیاروں میں سفر کے دوران میں اپنے اپنے ماسک پہننا ہوں گے۔امارات کے تمام طیاروں کی دبئی میں ہر سفر کے بعد مکمل صفائی ہوگی اور انھیں جراثیم کش سپرے کے عمل سے گزارہ جائے گا۔

قبل ازیں حکومتِ دبئی کے میڈیا دفتر نے ایک ٹویٹ میں امارات ائیرلائنزکا ایک اعلان جاری کیا تھا کہ جن مسافروں نے 31 مئی 2020 سے قبل 31 اگست کے بعد سفر کے لیے اپنے ٹکٹ بُک کرائے ہیں، ان کے یہ ٹکٹ اصل تاریخ سے دو سال تک کارآمد رہیں گے۔

امارات کے ترجمان نے العربیہ کو بتایا ہے کہ ’’ فضائی کمپنی میں بعض خدمات کی بکنگ جاری ہے لیکن ہم حکومت کے احکامات ، سرحدوں کی بندش اور صحت کے ضمن میں بین الاقوامی ہدایات کی روشنی میں صورت حال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے۔‘‘

مقبول خبریں اہم خبریں