دبئی کی حکومت نے کرونا وائرس کا شکار افراد کی تشخیص کے لیے ٹیسٹوں کے متعدد مراکز قائم کیے ہیں۔اس نے دبئی شہر کے گنجان آباد علاقوں اور بالخصوص غیرملکی مزدوروں کے اقامتی علاقوں میں ٹیسٹ سنٹر قائم کیے ہیں۔
رائٹ ہیلتھ گروپ کے مینجینگ ڈائریکٹر سنجے پیٹھانکر نے بتایا ہے کہ ’’ دبئی ہیلتھ اتھارٹی اور دبئی پولیس کے ساتھ تعاون کے ذریعے ورکروں کے اقامتی علاقوں میں یہ خیمے لگائے گئے ہیں۔ہم ان ورکروں کے ٹیسٹ کررہے ہیں جو کرونا وائرس کے مثبت کیسوں والے علاقوں میں رہ رہے تھے یا ان کے نزدیک پائے گئے ہیں۔‘‘
وہ مزید بتاتے ہیں کہ ’’ ہم قریباً چار ہزار مریضوں کی دیکھ بھال کررہے ہیں، ان میں سے روزانہ ایک دو کے ٹیسٹ مثبت نکلتے ہیں۔اس لیے کرونا مثبت کا امکان بہت کم ہے۔البتہ ان کے متاثرہ افراد کے ساتھ گھلنے ملنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں کیونکہ یہ مزدور اکٹھے رہ رہے ہیں۔‘‘
یو اے ای نے اتوار کو کرونا وائرس کے 479 نئے کیسوں اور چار اموات کی تصدیق کی ہے۔امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق اب ملک میں کرونا وائرس کا شکار افراد کی تعداد 6781 ہوگئی ہے۔
یو اے ای کے مختلف شہروں میں ٹیسٹ مراکز میں گذشتہ دو ایک روز میں 23 ہزار سے زیادہ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور ان میں سے 479 افراد کے اس مہلک وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 97 مزید افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔