دبئی ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں کرونا مریضوں کے علاج کے لیے فیلڈ اسپتال کا افتتاح

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے قائم کیے گئے فیلڈ اسپتال کا افتتاح کیا ہے۔

شیخ حمدان نے ہفتے کے روز فیلڈ اسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں ڈاکٹروں اور طبّی عملہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اس اسپتال کے قیام سے امارات کی کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ہم شکرگزار ہیں کہ ہمارا صحت کا نظام قیادت کی سرپرستی کی وجہ سے مستحکم ہے۔

Advertisement

انھوں نے کہا کہ ’’ دبئی حکومت ،اس کا طبّی عملہ ،دفاعی ٹیمیں اور رضاکار اپنی ذمے داری پوری کرنے کو تیار ہیں۔آپ کی صحت اور سلامتی ہماری اوّلین ترجیح ہے‘‘۔

دبئی اسپتال میں اس وقت کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے چار سے پانچ ہزار بستر دستیاب ہیں۔دبئی ہیلتھ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل حمید القطمی نے گذشتہ ہفتے ایک نیوزکانفرنس میں بتایا تھا کہ حکام اس کی گنجائش دس ہزار بستر تک بڑھانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ یو اے ای نے اب تک 8 لاکھ 14 ہزار افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے ہیں۔ اماراتی حکام نے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے 14 مراکز قائم کیے ہیں اور ابھی مزید مراکز قائم کیے جارہے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں