ایران کی حمایت یافتہ یمن کی حوثی ملیشیا کے جنگجوؤں نے اتوار کے روز دارالحکومت صنعاء میں سابق وزیر ثقافت خالد الرویشان کے گھر پر دھاوا بولا ہے اور انھیں اغوا کرکے ساتھ لے گئے ہیں۔
ان کے بیٹے وداح الرویشان نے فیس بُک پر ایک پوسٹ میں ان کے اغوا کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ حوثی جنگجو خالد الرویشان کو طلوع آفتاب کے بعد اغوا کرکے ساتھ لے گئے ہیں۔ وہ یمن کے معروف لکھاری اور شاعر بھی ہیں۔
وہ حوثی ملیشیا کے شدید ناقد ہیں اور اس مسلح گروپ کی کارستانیوں کے خلاف لکھتے رہے ہیں۔ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی 2015ء سے یمن کی اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ حکومت اور عرب اتحاد کے خلاف ملک پر قبضے کے لیے لڑرہے ہیں۔
حوثیوں نے سابق وزیر ثقافت کو یرغمال بنانے سے کئی روز قبل ان کے خلاف ایک میڈیا مہم برپا کی تھی اور ان کے حوثی ملیشیا کے خلاف بیانات کی مذمت کی تھی۔
یمن کے وزیر اطلاعات معمرالاریانی نے اپنے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان میں سابق وزیر ثقافت اور شوریٰ کونسل کے رکن خالد الرویشان کی ایران کے آلہ کار حوثی ملیشیا کے ہاتھوں اغوا کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ’’اس گروپ نے جس متشدد انداز میں ملک کی عظیم قومی شخصیت ، ادیب اور شاعر کو اغوا کیا ہے،اس سے اس امر کی عکاسی ہوتی ہے کہ اس گروپ کو انسانی اقدار اور اخلاق کا کوئی پاس نہیں ہے۔‘‘
1.We strongly condemn abduction of writer, poet, &great national figure, Mr. Khaled Al-Ruwaishan, ex Minister of Culture &member of Shura Council, today by mercenaries of Iran; Houthis militia, in savage manner that reflects the meanness of this gang &lack of values and morals pic.twitter.com/OAc7voKv4Y
— معمر الإرياني (@ERYANIM) April 19, 2020
وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’ الرویشان کا اغوا سیاست دانوں ، سیاسی اور سماجی شخصیات ، صحافیوں اور کارکنان کو یرغمال بنانے ہی کا تسلسل ہے اور اب تک وہ ایک ہزار ایسی شخصیات کو اغوا کر چکے ہیں جو ان کی چیرہ دستیوں کی مخالفت میں پیش پیش رہی ہیں۔‘‘
معمرالاریانی نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اغوا کے اس جرم کی مذمت کرے ۔انھوں نے حوثی ملیشیا سے اس کے زیر حراست تمام افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یمنی حکومت حوثی ملیشیا پر بار بار یہ زور دے رہی ہے کہ وہ اس کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ کرے تاکہ جیلوں میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
عرب اتحاد نے اسی ماہ کے اوائل میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے دو ہفتے کی یک طرفہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ یمن نے اب تک کرونا وائرس کے صرف ایک کیس کی تصدیق کی ہے۔